|

وقتِ اشاعت :   July 17 – 2021

پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران عالمی وبا کورونا وائرس سے مزید 31 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد ملک میں کورونا سے مجموعی اموات 22 ہزار 720 ہوگئیں۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری تازہ اعدادو شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے مزید 2 ہزار327 کیسز رپورٹ ہوئے۔ ملک میں کورونا کیسز کی تعداد 9 لاکھ 83 ہزار719 ہوگئی۔

ملک میں کورونا مثبت کیسز کی شرح 6 اعشاریہ17 فیصد رہی۔ این سی او سی کے مطابق ملک بھر میں 2 ہزار 388 کورونا مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 37 ہزار 690 ٹیسٹ کیے گئے۔ اب تک 1 کروڑ 52 لاکھ 86 ہزار 475افراد کا کورونا ٹیسٹ کیا جاچکا ہے۔این سی او سی کے مطابق سندھ میں کورونا کے کیسز کی تعداد تین لاکھ 52 ہزار 472، خیبر پختونخوا میں ایک لاکھ 39 ہزار 960، پنجاب میں تین لاکھ 49 ہزار 475، اسلام آباد میں 84 ہزار 266، بلوچستان میں 28 ہزار 704، آزاد کشمیر میں 21 ہزار 632 اور گلگت بلتستان میں 7 ہزار 210 ہوگئی ہے۔

این سی او سی کے مطابق اب تک ملک بھر میں 43 لاکھ 23 ہزار 805افراد کو کورونا ویکسین کی مکمل خوراک جبکہ ایک کروڑ 73 لاکھ 36 ہزار 845 افراد کو سنگل خوراک دی جاچکی ہے۔ اب تک مجموعی طور پر 2 کروڑ 16 لاکھ 60 ہزار 650 افراد کو کورونا ویکسین لگائی جاچکی ہے۔ دوسری جانب نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے سربراہ اسد عمر نے کہا ہے کہ ملک بھر میں کورونا کیسز میں اضافہ ہورہا ہے، پاکستان میں کورونا کی بھارتی قسم پھیلنے کا خدشہ ہے، کورونا کی بھارتی قسم تیزی سے پھیلتی ہے۔اسد عمرنے گزشتہ روز وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ کورونا ویکسین لگوائیں۔

ملک میں 18 سال سے زائد عمر کے ساڑھے 12 کروڑ سے زائد لوگ ہیں۔ پاکستان میں ویکسی نیشن کرانے والوں کی تعداد انتہائی قلیل ہے۔ پاکستان میں 2 کروڑ 21 لاکھ ویکسین کی خوراکیں لگ چکی ہیں۔ ویکسین نہ لگوانے والے 333 افراد میں سے ایک شخص کو کورونا ہوا۔ ویکسین کی ایک ڈوز لگوانے والے 1250 لوگوں میں صرف ایک شخص کو کورونا ہوا۔ ویکسین نہیں لگوائی تو آپ کو 4گنا زیادہ خطرہ ہے۔ سائنسدان فلسفے کی بنیاد پر نہیں حقائق کی بنیاد پر خبردار کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ شہری عید کی چھٹیوں میں تفریحی مقامات کی طرف نہ جائیں۔معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا کہ پاکستان میں کورونا مثبت کیسز کی شرح میں اضافہ ہوا ہے۔ روزانہ اڑھائی ہزار کے قریب نئے کیسز سامنے آرہے ہیں۔ قومی سطح پر کورونا پھیلنے کی شرح 6 فیصد سے بڑھ گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ کراچی میں کورونا پھیلنے کی شرح 20 فیصد ہوگئی ہے۔ ملک بھر میں 1900 افراد کی حالت تشویشناک ہے۔ بھارتی ڈیلٹا پھیلنے کی شرح تیزی سے بڑھ رہی ہے۔ ویکسین نہ لگوانے والوں میں کورونا کے حملے کا خطرہ 7 گنا زیادہ ہے۔

اس میں کوئی شک نہیں کہ اس وقت بھارتی ڈیلٹا وائرس نے ملک کے مختلف علاقوں کو متاثر کیا ہے ،گزشتہ دنوں گوادر اور پسنی میں 9افراد کی موت ہوئی ،وہ تیز بخار میں مبتلا تھے مگر اسپتال میں علاج کرنے نہیں گئے تھے اس لئے یہ شبہ کیاجاسکتا ہے کہ ان اموات کی وجہ کورونا وائرس ہے۔ اب شہری خود ذمہ داری کا احساس کرتے ہوئے کورونا ویکسی نیشن کروائیںوگرنہ خطرناک صورتحال کا سامنا کرنے پڑے گا جس سے خود عوام ہی متاثر ہونگے لہٰذا کورونا ویکسی نیشن کرواکرخود کو اور اپنے عزیز واقارب کو اس وباء سے بچائیں۔