|

وقتِ اشاعت :   April 6 – 2015

اسلام آباد: یمن کی صورت حال پر غور کے لئے پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس جاری ہے تاہم تحریک انصاف کے ارکان کی شرکت پر مسلم لیگ (ن)، جے یو آئی اور اے این پی کے ارکان وقفے وقفے سے نعرے بازی کررہے ہیں۔ اسپیکر سردار ایاز صادق کی سربراہی میں پارلیمنٹ کا اجلاس شروع ہوا تو مسلم لیگ (ن) کے دانیال عزیز اور عمر ایوب نے بولنے کی اجازت چاہی تاہم اسپیکر نے انہیں بولنے کی اجازت نہیں دی۔ جس پر مسلم لیگ (ن) کے ارکان نے تحریک انصاف کے خلاف نعرے بازی شروع کردی۔ اسی دوران جے یو آئی، اے این پی اور ایم کیو ایم کے ارکان بھی اپنی نشستوں سے کھڑے ہوکر احتجاج کرنے لگے۔ تحریک انصاف کے ارکان کی شرکت پر قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ نے کہا کہ ارکان کا رویہ نہایت افسوس ناک ہے، حکومتی جماعت اپنے ارکان کو قابو میں رکھے کیونکہ  اسحاق ڈار نے خود پی ٹی آئی سے اپیل کی تھی کہ پارلیمنٹ میں آجائیں۔ آگ کو پانی سے بجھایا جاتا ہے،آگ سے نہیں، آج وہ تشریف لائے ہیں ہم خوش آمدید کہتے ہیں یہ جمہوریت کی فتح ہے کیونکہ وہ اسی فورم سے اپنے عوام کی خدمت کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ وزیر دفاع کا احترام کرتے ہیں لیکن وزیراعظم کا موجود ہونا ضروری  ہے، ہم انہیں ایوان میں دیکھنا چاہتے ہیں۔ جس مشترکہ اجلاس میں وزیراعظم نہیں تو اس کی کوئی ضرورت نہیں۔ ان کے آنے تک پارلیمنٹ کااجلاس ملتوی کیا جائے۔