|

وقتِ اشاعت :   April 7 – 2015

کوئٹہ: مسلم لیگ (ق) بلوچستان کے جنرل سیکرٹری اور رکن صوبائی اسمبلی میر عبدالکریم نوشیروانی نے خاران سے ایک ہزار نوجوان خانہ کعبہ کی حفاظت کیلئے سعودی عرب بھیجنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے آنے جانے کے اخراجات وہ اپنی جیب سے پورے کریں گے صرف سعودی عرب ان نوجوانوں کیلئے ویزے جاری کرے خانہ کعبہ کی حفاظت کیلئے یہ ایک ہزار خاران کے نوجوان اپنی جان بھی قربان کرنے کو تیار ہیں۔ صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے میر عبدالکریم نوشیروانی نے کہا کہ میں عالم اسلام سے بھی اپیل کرتا ہوں کہ وہ خانہ کعبہ کی حفاظت کیلئے اکٹھے ہوجائیں کیونکہ یہ ہم سب مسلمانوں کا فرض ہے۔ وفاقی حکومت کو بھی چاہیے کہ وہ پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے جلد از جلد افواج پاکستان کو سعودی عرب بھیجنے کی منظوری کروا کر اپنی اسلام دوستی کا ثبوت دے کیونکہ ہمارے جنرل راحیل شریف جو کہ ایک جرات مند دلیرا ور ایماندار شخصیت ہیں وہ بھی پارلیمنٹ کی منظوری کے منتظر ہیں انہوں نے کہا کہ میں تمام علماء سے بھی اپیل کرتا ہوں کہ وہ اسلام کی خاطر ایک ہوجائیں اور اپنی ڈیڑھ اینٹ کی مسجد بنانا چھوڑ دیں اس وقت اﷲ کے گھر کی حفاظت کیلئے متحد ہوجائیں اور اس بات کو ثابت کردیں کہ کوئی بھی اگر میلی آنکھ سے خانہ کعبہ کی طرف دیکھے گا تو اس کی آنکھیں نکال دیں گے خانہ کعبہ کی حفاظت ہم سب پر فرض ہے اﷲ تعالیٰ اپنے گھر کی خود حفاظت تو کرے گا لیکن ہم نے بھی اپنا فرض ادا کرنا ہے کیونکہ یہ ہمارا قبلہ ہے۔