|

وقتِ اشاعت :   August 3 – 2021

ڈیرہ اللہ یار: ضلع کونسل جعفرآباد کے اکاوئنٹس سے رقم کے اجراء کا معاملہ، ڈویژنل ڈائریکٹر اور چیف آفیسر کی باہمی مشاورت سے مرتب شدہ جواب کو ڈپٹی کمشنر نے غیر تسلی بخش قرار دیتے ہوئے ایک بار پھر تحریری طور پر تفصیلی جواب طلب کر لیا ہے ضلع کونسل جعفرآباد کے اکاوئنٹس سے 54 لاکھ 93 ہزار 525 روپے کے اجراء کی خبر پر ڈپٹی کمشنر جعفرآباد نے ایڈمنسٹریٹر ضلع کونسل سے۔

تحریری جواب طلب کیا تھا جسکا جواب چیف آفیسر نے ایڈمنسٹریٹر اور ڈویڑنل ڈائریکٹر کی باہمی مشاورت سے مرتب کرکے تحریری طور پر ڈپٹی کمشنر کو پیش کیا جس کو ڈپٹی کمشنر نے غیر تسلی بخش قرار دیتے ہوئے ایک اور لیٹر نمبر 131 لکھ کر تفصیلی جواب دوبارہ طلب کیا ہے ڈپٹی کمشنر جعفرآباد کو پیش کیے گئے جواب میں چیف آفیسر نے کسی قسم کی وضاحت نہیں کی۔

اور نہ ہی ٹھوس ثبوت پیش کیے تاہم لگی لپٹی زبان میں رقم خرچ ہوجانے کا جواب داخل کیا گیا جس پر ڈپٹی کمشنر نے ایک اور لیٹر نمبر 131 میں تحریری طور پر تفصیلی جواب طلب کرتے ہوئے لکھا ہے کہ رقم کب، کہاں اور کیسے خرچ ہوئی اس کا تفصیلی جواب ٹھوس ثبوتوں کیساتھ دیا جائے۔

قبل ازیں ڈویڑنل ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ نصیرآباد ظفر اقبال جمالی نے شفاف انکوائری کے بجائے ذمہ داروں کو مکمل حمایت دیتے ہوئے معاملہ نجی سطح پر حل کروانے کی پوری کوشش کی تاہم معاملہ حل نہ ہونے کے بعد ڈویڑنل ڈائریکٹر نے ایک اخباری بیان کے ذریعے ذمہ داروں کو کلین چٹ دیتے ہوئے رقم کے اجراء کی خبر کو جھوٹی من گھڑت اور ضلع کونسل کے خلاف پروپیگنڈہ قرار دیا۔

تاہم ڈپٹی کمشنر جعفرآباد کے دوبارہ جواب طلبی کے لیٹر نے ڈویڑنل ڈائریکٹر سمیت چیف آفیسر ضلع کونسل کے جواب اور اخباری بیان کی نفی کردی معاملہ کی شفاف تحقیقات کے بغیر کسی کو بری الزمہ ہرگز قرار نہیں دیا جاسکتا تفصیلی جواب نہ ملنے کی صورت میں کیس نیب یا اینٹی کرپشن کے حوالے کرنے کا بھی عندیہ دیا گیا ہے۔