|

وقتِ اشاعت :   August 10 – 2021

تفتان: لیبر یونین تفتان اور انجمن تاجران کے زیر اہتمام زیرو پوائنٹ گیٹ اور بازارچہ کی بندش کیخلاف تفتان بازار سے پاکستان گیٹ تک احتجاجی ریلی نکالی گئی اور این ایل سی کے گیٹ پر دھرنا دیا گیا ریلی بازار سے شروع ہوکر مختلف شاہراہوں سے ہوتے ہوئے کسٹم ہاوس اور پاکستان ایران امیگریشن گیٹ تک گئی بعد ازاں این ایل سی گیٹ کے سے سامنے کئی گھنٹوں تک دھرنا دیا گیا۔

دھرنے کے باعث پاک ایران ٹرانزٹ ٹریڈ کئی گھنٹوں تک معطل رہی مظاہرین نے مزدوروں کا معاشی قتل عام نامنظور، زیروپوائنٹ کی بندش نامنظور، بازارچہ کی بندش نامنطور، کسٹم اور این ایل سی کی ناروا سلوک نامنظور کے فلک شگاف نعرے لگائے۔

لیبر یونین تفتان کے صدر خدائے نظر محمد حسنی، انجمن تاجران تفتان کے صدر امان اللہ حسنی، بلوچستان عوامی پارٹی تفتان جنرل سیکرٹری آصف برہانزئی و دیگر نے مظاہرین سے خطاب کیا۔ کئی گھنٹوں کے دھرنے کے بعد اسسٹنٹ کمشنر تفتان عصمت اللہ اچکزئی نے مظاہرین سے مذاکرات کی اور کسٹم و این ایل سی حکام سے بات کرنے اور مسئلے کے حل کی یقین دہانی کی جسکے بعد دھرنا ختم کردیا گیا۔

اور لیبر یونین کے صدر حاجی خدانظر محمد حسنی نے مطالبات پورے نہ ہونے کی صورت میں دو دن بعد شٹرڈاون اور پہیہ جام ہڑتال کرنے کا اعلان کیا۔