|

وقتِ اشاعت :   August 10 – 2021

کوئٹہ: مرکزی رویت ہلال کمیٹی پاکستان کے چیئرمین سفیر امن مولانا سید عبدالخبیر آزاد خطیب امام بادشاہی مسجد لاہور نے مجلس علماء پاکستان کے زیراہتمام پریس کلب کوئٹہ میں منعقدہ قومی یکجہتی امن کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان متحد ہے اور متحد ہوکر رہے گا دشمن طاقتوں کا ناپاک ایجنڈا کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ ہم ایک متحد قوم بن کر ہی دشمن کو شکست دے سکتے ہیں۔

دشمن طاقتیں ہمیں لڑاکر انتشار پیدا کرکے کمزور کرنا چاہتی ہیں ان کا مقصد اپنے ناپاک ایجنڈے اور سازشوں کو کامیاب کرنا ہے ہمیں چاہئے کہ ہم اسلام کے پیغام اخوت محبت رواداری اور اتحاد کو سامنے رکھیں۔ مولانا سید عبدالخبیر آزاد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قومی یکجہتی ہمارا دینی اور ایمانی سرمایہ ہے ہم سب مسلمان ہیں اور ایک ہی کلمہ پڑھتے ہیں۔ پاکستان کلمہ طیبہ کی بنیاد پر ہی حاصل کیا گیا تھا آج پاکستان کو پہلے سے زیادہ اتحاد اور استحکام کی ضرورت ہے۔ ہمارا دشمن ملک یہاں سازشیں کررہا ہے ہم نے اپنے اتحاد اور داخلی استحکام کے ذریعے دشمن کو شکست دینی ہے میں اس موقع پر علماء کرام کی خدمت میں گزارش کرنا چاہتا ہوں کہ آپ محرم الحرام کے موقع پر خصوصی طور پر دشمن کی سازشوں پر نظر رکھیں۔ انتشار اور عدم استحکام کی ہرسازش کو اپنے اتحاد اور یکجہتی کے ذریعے آپ ناکام بنادیں اسلام کا پیغام بھی ہم سب کے متحد رہنے کا ہے۔

میں آپ حضرات کی محبت اور خلوص کا شکریہ ادا کرتا ہوں میں نے دیکھا ہے کہ بلوچستان کے مسلمان مثالی خلوص اور محبت اپنے دلوں میں رکھتے ہیں۔ بلوچستان کے عوام غیور ایماندار اور محب وطن ہیں اور انشاء اللہ پیغام پاکستان، پاکستان کا وہ عظیم بیانیہ ہے جس کو ہم ہر گھر کی آواز بنادیں گے پیغام پاکستان کے فروغ کے لئے علماء کرام ممبر و محراب سے آگاہی پیدا کریں اور عام کریں محرم الحرام میں قیام امن کے لئے اتحاد بین المسلمین کا مظاہرہ کیا جائے جوکہ وقت کی ضرورت ہے ۔ کانفرنس میں تمام مسالک کے جید علماء و مشائخ عظام شریک ہوئے جن میں مقررین قومی یکجہتی امن کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ملکی سلامتی کے لئے علماء ہر قربانی دیں گے۔ دشمن کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے اور انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بھارت اور مودی کا ناپاک ایجنڈہ کامیاب نہیں ہونے دیں گے اور ہم نے پہلے بھی انڈیا کی سازشوں کو ناکام بناتے رہے ہیں