تربت: سنگ آباد سے لاپتہ چرواہوں کی بازیابی کے لیے ایک وفد نے معتبر شخصیت سید حبیب شاہ کی سربراہی میں کمشنر مکران شاہ عرفان غرشین اور ڈپٹی کمشنر کیچ حسین جان سے الگ الگ ملاقات کی اور سنگ آباد کرکی سے 29 جولائی کو لاپتہ کیے گئے چرواہا اللہ بخش ولد جمعہ اور سبزل ولد قادر بخش کی بازیابی کا مطالبہ کیا، وفد نے کہا کہ دونوں چرواہوں کو غلام قادر نامی چرواہے کے ساتھ لاپتہ کیا گیا عد میں غلام قادر جو نیم پاگل تھا اس کی لاش ملی جبکہ اللہ بخش اور سبزل تاحال لاپتہ ہیں۔
ان دونوں کے بارے میں اہل خانہ کو کچھ نہیں بتایا جارہا جس سے ان کے اہل خانہ خوف اور تشویش کا شکار ہیں ہمارا مطالبہ ہے کہ انہیں فوراً بازیاب کرایا جائے، کمشنر اور ڈپٹی کمشنر نے وفد کو یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ وہ اس سلسلے میں ضرور کوشش کریں گے اور اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ دونوں چرواہوں کو اگر سیکیورٹی اداروں نے اٹھایا ہے ان کی باحفاظت بازیابی یقینی بنائیں۔