|

وقتِ اشاعت :   August 11 – 2021

خضدار : بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما سابق رکن قومی اسمبلی میر عبدالرئوف مینگل نے کہاہے کہ میرغوث بخش بزنجو ایک قومی رہبرتھے جنہوں نے ساری زندگی مظلوم بلوچ قوم کے ساتھ دنیاکے تمام مظلوم محکوم اورپسے ہوئے اقوام کی حقوق اورحق حاکمیت کے لئے جدوجہد کرکے تاقیامت امرہوگئے۔ انہوں نے میرغوث بخش بزنجو کو ان کے برسی کے موقع پرخراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ میرغوث بخش بزنجو سردارعطاء اللہ خان مینگل نواب خیربخش مری میر گل خان نصیر عبدالکریم شورش عبدالرحمن کرد ودیگرنے بلوچ قوم بلوچ سرزمین کی خوشحالی سائل وسائل کی وت واجہی کے لئے۔

تمام زندگی جیل زندان اورعقوبت خانوں میں زندگی گزاری جن کی جدوجہد اور قربانیوں کی بدولت آج بلوچ قوم دشمن کے آنکھوں میں آنکھیں ملاکر جینے کا سلیقہ سیکھاہے۔ انہوں نے کہا کہ میرغوث بخش بزنجو مرحوم سردارعطاء اللہ خان مینگل اور ان کے دیگررفقا نے نیشنل پارٹی نیپ کی بنیاد رکھکر بلوچ عوام کی ساتھ دیگر مظلوم ومحکوم عوام کے لئے نظریاتی طور جہد مسلسل کی داغ بیل ڈال دی۔ ان کے جہد اور نظریہ کی بنیادی وجہ ہے کہ آج بلوچ عوام اپنے حقوق اورحق حاکمیت کے لئے انہی کے نقش قدم پرچل کر جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ زندہ قومیں اپنے راہشونوں کی زندگی سے سبق حاصل کرکے اپنے حقوق حاصل کرنے کی سعی کرنے کے لئے عملی قدم اٹھاکر سرخرو ہونگے۔ انہوں نے میر غوث بخش بزنجو کو گل ہائے عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاکہ ہمیں چا ہئے کہ ہم اپنے بڑوں میرغوث بخش بزنجو مرحوم اور سردارعطاء اللہ خان مینگل کے سیاسی ونظریاتی جدوجہد کو سامنے رکھتے ہوئے بلوچ قوم کے ساتھ دیگر مظلوم ومحکوم اقوام کی حق حاکمیت کے لئے جدوجہد جاری رکھیں۔