|

وقتِ اشاعت :   April 14 – 2015

تربت: وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے پیر کے روز یہاں 12روزہ انسداد خسرہ مہم کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ ضلع کونسل کیچ کے چیئرمین فداحسنی دشتی، تربت میونسپل کارپوریشن کے میئر قاضی غلام رسول، وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکریٹری محمد نسیم لہڑی، کمشنر مکران پسند خان بلیدی، ضلعی صحت آفیسر، والدین اور بچوں کی بڑی تعداد نے افتتاحی تقریب میں شرکت کی۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ نے متعلقہ اہلکاران اور والدین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت عوام کو تعلیم اور صحت کی سہولیات کی فراہمی کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لارہی ہے اور خسرہ کے انسداد کیلئے صوبہ بھر میں جاری مہم اس سلسلے کی ایک اہم کڑی ہے وزیراعلیٰ نے کہا کہ خسرہ مہم کے سلسلے میں انہوں نے پہلے ہی تمام اضلاع کی انتظامیہ کو محکمہ صحت کی ٹیموں کے ساتھ ساتھ بھرپور تعاون کیلئے واضح ہدایت جاری کررکھی ہیں اور س حوالے سے کوئی کوتاہی یا غفلت ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ واضح رہے کہ ای پی آئی محکمہ صحت کے زیراہتمام صوبہ بھر میں 13تا 24اپریل انسداد خسرہ مہم کا آغاز کیا گیا ہے جس میں چھ ماہ سے دس سال تک کی عمر کے بچوں کو انسداد خسرہ کے ٹیکے لگائے جائیں گے۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ محکمہ صحت کے اہلکار اور رضاکار کی مہم کو کامیابی سے ہمکنار کرکے صوبے سے خسرہ کے مکمل خاتمے کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے والدین اور سول سوسائٹی سے اپیل کی کہ وہ خسرہ سے پاک بلوچستان کے لئے مکمل تعاون کریں تاکہ ہم اپنے بچوں کو ایک صحت مند مستقبل دے سکیں۔