|

وقتِ اشاعت :   August 19 – 2021

گوادر: گوادر، محکمہ فشریز نے غیر قانونی ٹرالنگ کے خلاف ڈھنڈا اٹھا لیا۔

دو مختلف کاروائیوں میں غیر قانونی ٹرالنگ میں مصروف سندھ کے 2 ٹرالرز دھرلئیے گئے۔ عملے کو گرفتار اور مچھلیاں ضبط کر لی گئیں تفصیلات کے مطابق مشیر فشریز میر حاجی اکبر آسکانی کی خصوصی ہدایت پر ڈائریکٹر میرین احمد ندیم فشریز آفیسر صغیر زمان اور انسپکٹر فشریز عبدالمطلب کی سربرائی میں محکمہ کے جوانوں کی ٹیم کو ساحل گوادر میں غیر قانونی ٹرالنگ میں مصروف سندھ کے ٹرالر کی تعاقب کے لیے گشت پر بھیج دیا۔

فشریز کے چاق و چوبند پیٹرولنگ ٹیم نے گوادر کے مغربی ساحل پدی زر ایریا میں 12 ناٹیکل مائیل کے اندر ایک ٹرالر کو غیر قانونی طور پر مچھلیوں کے شکار میں مصروف پایا۔جس پر فشریز پیٹرولنگ ٹیم نے مذکورہ ٹرالر کا تعاقب کیا اور سخت جدوجہد کے بعد سندھ کے ٹرالر بنام سبحان اللہ نمبر 16742 B کو عملہ سمیت گرفتار کر لیا۔

واضح رہے کہ غیر قانونی ٹرالنگ کے خلاف یہ فشریز کی مسلسل دوسری کاروائی تھی قبل ازیں بھی ساحل گوادر میں غیر قانونی ٹرالنگ کے خلاف محکمہ فشریز نے سندھ کی ایک اور ٹرالر بنام باگ کاتن نمبر B 19472 کو پکڑ لیا تھا۔

غیر قانونی ٹرالنگ کے خلاف فشریز کی مسلسل کارروائیوں پر ماہیگیر حلقوں نے اطمینان کا اظہار کیا اور امید ظاہر کی کہ فشریز آئندہ بھی ساحل گوادر میں غیر قانونی ٹرالنگ کے خلاف اپنی کاروائیاں جاری رکھے گی۔کاروائی میں پکڑی گئی مچھلیوں کی نیلامی محرم الحرام کی چھٹیوں کے بعد کی جائے گی۔