کوئٹہ: کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف شہروں میں آج تیسرے روز بھی موبائل سروس بند ہے، محرم الحرام میں سیکورٹی کے پیش نظر 7ویں محرم اور گزشتہ روز 9ویں محرم کے دوران موبائل سروس صبح 7بجے سے رات گئے تک بندرکھا گیا جبکہ آج دسویں محرم کو بھی موبائل سروس بند کیاجائے گا، حکومت وسیکورٹی حکام کی جانب سے محرم میں موبائل سروس کو بند رکھنے شہر کو سیل کر نے کا حربہ ہی فل پروف سیکورٹی پلان بنا کر اس پر عمل درآمد کیا جارہا ہے۔
جس کے باعث نہ صرف شہریوں کوشدید مشکلات کا سامنا رہتا ہے بلکہ صوبے میں کرفیو کا سماں ہوتا ہے جس سے نظام زندگی کاروبار اور تمام سماجی امور ٹھپ ہو کر رہ جاتے ہیں، عوام میں باہمی رابطہ ٹرانسپورٹ اور کاروبار بند ہونے سے لوگوں کو شدید مشکلات کاسامنا رہتا ہے موبائل سروس بند رہنے سڑکیں بند رکھنے اور سیکورٹی کے نام پر عوام کی نقل وحرکت پر پابندی کے باعث مریض مسافر اور باالخصوص دیہاڑی دار طبقہ شدید مشکلات سے دوچار ہوتے ہیں۔
سیکورٹی حکام غیر اعلانیہ کرفیو کو اپنی سیکورٹی کامیابی بتا کر بڑے بڑے دعوے کرتے ہیں جبکہ دوسری جانب صوبے میں نظام زندگی مفلوج ہو نے سمیت کاروباری مراکز بند ہونے سے اربوں روپے کا نقصان ہوتا ہے جبکہ غریب عوام فاقہ کشی کرنے پر مجبور ہوتے ہیں۔
سیاسی حلقوں تاجر برادری اور عوام نے حکومت کے اس عوام دشمن اقدام کی شدید مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ محرم میں سیکورٹی کیلئے دیگر بہتر ذرائع بروئے کار لا کر عوام کو غیر اعلانیہ کرفیو اور موبائل سروس کی بندش سے نجات دلائی جائے تاکہ بڑے پیمانے پر کاروباری نقصانات سمیت عوام کے بنیادی حقوق سلب نہ ہوں۔