اوتھل: وزیر اعلیٰ بلوچستان کے صاحبزادے جام محمد کمال عالیانی نے کہاہے کہ قبائلی رسم ورواج کے تحت ہم سب ایک دوسرے سے جڑے ہوئے ہیں ہمارے لئے تمام قبائل ایک ہیں او ر ہم اپنے قبائلی سسٹم اور آئین وقانون کے دائرے میں رہتے ہوئے اپنے لوگوں کے مسائل کو حل کرنے کی کوشش کریں تو دنیا وآخرت میں اللہ تعالیٰ کی خوشنودی حاصل کرسکتے ہیں۔
امیدہے نومنتخب وڈیرہ حاجی دھنی بخش جاموٹ اپنے آبائواجدادکی روایات کو برقرار رکھتے ہوئے اپنے قبیلے کی فلاح وبہبود کیلئے کام کریں گے ان خیالات کا اظہار انہوں نے جام یوسف آباد ڈنڈا میں حاجی دھنی بخش جاموٹ کی دستاربندی کی تقریب سے خطا ب کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہاہے بلوچستان ایک قبائلی صوبہ ہے یہاں پر لوگ قبائلی سسٹم میں ا یک دوسرے سے جڑے ہوئے ہیں۔
اورباہمی پیار،محبت ،بھائی چارگی اوریگانگت سے رہتے ہیں انہوںنے کہاکہ میرا پڑدادا جام غلام قادر،داداجا م یوسف اور میرے والد جام کمال خان نے ہمیشہ لسبیلہ کے تمام قبائل کا ساتھ دیا اور انشاء اللہ میں بھی اسی قبائلی رسم ورواج کے تحت رہتے ہوئے لسبیلہ کے لوگوں کے ساتھ رہونگاانہوں نے کہاکہ ایک قبائلی سربراہ کی حیثیت سے ہماری ذمہ داری ہے۔
کہ ہم اپنے لوگوں اور قبائل کی ایک دوسرے کے ساتھ معمولی رنجشوں کو ختم کرانے کیلئے اپنا کردار اداکریں کیونکہ ہمارا دین اسلام بھی ہمیں یہی سکھاتاہے اور انصاف پر مبنی قبائلی فیصلے کرکے ہم نہ صرف لوگوں کی دعائیں حاصل کرسکتے ہیں بلکہ اللہ تعالیٰ کی خوشنودی بھی ہمیں حاصل ہوگی تقریب سے نومنتخب وڈیرہ حاجی دھنی بخش جاموٹ نے خطاب کرتے ہوئے۔
کہاکہ میں نوابزادہ جام محمد کمال عالیانی اور نوابزادہ میرزرین مگسی اور لسبیلہ کے تمام قبائلی سرداران اور معتبرین کا مشکور ہوں کہ جنہوںنے آج کی میری دستاربندی کی تقریب میں شرکت کرکے مجھے عزت بخشی اور مجھے اپنے وکی پوٹاجاموٹ قبیلے کا وڈیرہ منتخب کیا انشاء اللہ میں نوابزادہ جام محمد کمال عالیانی ،جاموٹ برادری کے معتبرین اور نوجوانوں کے اعتماد پر پورا اترکراپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے نبھانے کی حتی المقدور کوشش کروں گااور اپنی برادری سمیت دیگر برادریوں کے مابین بہتر برادرانہ تعلقات قائم کرکے بلوچستان کی قبائلی روایات کو ہمیشہ قائم رکھوں گا۔
انہوں نے کہاکہ جام خاندان کے ساتھ وفاداری اور ثابت قدمی کو بھی جاری وساری رکھوں گا قبل ازیں نوابزادہ جام محمد کمال ،نوابزادہ میرزرین مگسی،سیدحسن شاہ قریشی،چیف ٹرائبل سردار غلام فاروق شیخ،سردار عبدالمجید جاموٹ،سردار روئیداد رونجھو،سردار اخترانگاریہ،سردار رسول بخش برہ اور دیگر قبائلی سرداروں،وڈیروں اورمعتبرین نے حاجی دھنی بخش جاموٹ کو پگ کے ور لگاکرانہیں اپنے وکی پوٹاجاموٹ قبیلے کا وڈیرہ منتخب کیا۔