کوئٹہ: زیارت میں مانگی ڈیم دھماکے میں شہید لیویز اہلکاروں کے اہل خانہ اور علاقہ مکینوں نے نعشوں کے ہمراہ چھٹے روز بھی زیارت کراس پردیا گیا دھرنا جاری رکھا۔دھرنے کے شرکاء کامطالبات کی منظوری کیلئے حکومت کو مزید دو دن کا دیا گیا الٹی میٹم آج(بدھ )کی شام کو ختم ہوگا۔پشتون قومی جرگے کے کنوینئر نواب ایازخان جوگیزئی مطالبات کی عدم منظوری پر آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔
گزشتہ ہفتے 26 اگست کو بلوچستان کے ضلع زیارت کے علاقے مانگی ڈیم کے قریب بارودی سرنگ کے دھماکے میں شہید ہونے والے تین لیویز اہلکاروںکے اہل خانہ اور علاقہ مکینوں نے منگل کو چھٹے روز بھی زیارت کراس پر نعشوں کے ہمراہ دھرنا جاری رکھا۔
دھرنے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے نواب ایاز خان جو گیزئی نے کہا ہے کہ گزشتہ روزحکومت نے مطالبات کی منظوری کیلئے دو دن کا وقت مانگا تھا ہم انتظار کررہے ہیں حکومت نے مسائل کو سنجیدہ نہ لیا تو اپنے فیصلے میں آزاد ہیں جو فیصلہ دھرنے کے شرکاکا ہوگا وہ فیصلہ ہمارے لئے قابل قبول ہوگا۔
شہدا کے ورثاء اور کمیٹی ممبران نے کہا کہ نعشوں کے ہمراہ دیا گیا دھرنا اس وقت تک جاری رئیگا جب تک ہمارے مطالبات نہیں مانے جاتے انہوں نے کہا کہ حکومت نے مطالبات کی منظوری کیلئے دو دن کی مہلت مانگی تھی جو آج شام چھ بجے ختم ہوجائیگی اگر حکومت نے مطالبات نہیں مانے تو دھرنے کے سربراہ نواب ایاز خان جوگیزئی کمیٹی کی مشاورت سے آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔