اوتھل: گورنمنٹ بوائز ہائیرسکینڈری اسکول اوتھل کے طلباء نے ٹرانسپورٹ کے مسائل کے حل کیلئے مین قومی شاہراہ بلاک کردی،تین گھنٹوں تک کوئٹہ کراچی شاہراہ ٹریفک کیلئے بند،مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو عبدالحمید زہری طلباء سے مذاکرات کیلئے پہنچ گئے ،تاہم طلباء نے ٹرانسپورٹ کے مسائل حل نہ ہونے تک روڈ نہ کھولنے کی دھمکی دے دی۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیوعبدالحمید زہری نے ڈپٹی کمشنر سے طلباء کی ملاقات کراکر مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کراد ی جس پر طلباء نے تین گھنٹوں سے جاری اپنا احتجاج ختم کرکے کوئٹہ کراچی شاہراہ کو ٹریفک کیلئے بحال کردیا،ڈپٹی کمشنر لسبیلہ نے طلباء سے ملاقات کرکے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو ڈاکٹر عبدالحمید زہری کی سربراہی میں ایک کمیٹی تشکیل دیکر طلباء کے مسائل فوری حل کرنے کی یقین دہانی کرادی،تفصیلات کے مطابق گورنمنٹ بوائز ہائیرسیکنڈری اسکول اوتھل کے طلباء نے بدھ کے روز تیسری مرتبہ احتجاج کرتے ہوئے۔
قومی شاہراہ بلاک کردی جس کے باعث کوئٹہ کراچی شاہراہ پر ٹریفک معطل ہوکررہ گئی اور گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیںاس دوران مسافروں کو شدید گرمی میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا،احتجاج کے دوران طلباء کا کہنا تھاکہ ہم صبح گھر سے اسکول کیلئے نکل کرروڈ تک آتے ہیں تو مسافرگاڑیاں ہمیں اوتھل تک سوارنہیں کرتے اور مسافرگاڑیوں کے مالکان طلباء سے بدتمیزی کرتے ہیں اور ہمیں دھمکیاں دیتے ہیں۔
جبکہ اسکول کی بس نہ ہونے کے باعث ہمیں مجبوراًمسافرگاڑیوں میں سفر کرنا پڑتاہے لیکن اکثر مسافر گاڑیوںکے ڈرائیور طلباء کو سوار کرنے سے انکارکردیتے ہیں جسکی وجہ سے ہماری تعلیم میں خلل پڑتاہے اور ہماری تعلیم ضائع ہورہی ہے۔
اس دوران ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیوعبدالحمید زہری طلباء سے مذاکرات کیلئے پہنچ گئے تاہم طلباء نے اپنے مطالبات فوری حل نہ ہونے تک احتجاج جاری رکھنے کی دھمکی دیدی اس پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیوعبدالحمید زہری نے طلباء کے مسائل فوری حل کرنے اور انہیں ڈپٹی کمشنر سے ملاقات کرانے کی یقین دہانی کرائی جس پر طلباء نے اپنا احتجاج ختم کردیا۔
بعدازاں گورنمنٹ بوائز ہائیرسیکنڈری اسکول اوتھل کے طلباء کے ایک وفد نے ڈپٹی کمشنر لسبیلہ حسن وقار چیمہ سے ملاقات کی اور انہیں اپنے مسائل سے آگاہ کیا اس موقع پر ڈپٹی کمشنر لسبیلہ نے طلباء کے مطالبات کو جائز قرار دیتے ہوئے کہاکہ طلباء مستقبل کے معمار ہیں انکے جائز مطالبات فوری حل کیئے جائیں گے۔