اوتھل: سابق سینیٹر محمد اسماعیل بلیدی نے کہا کہ سردار عطاء اللہ مینگل کی وفات سے جو خلاء پیدا ہوا ہے وہ کبھی پر نہیں ہوسکتا وہ ایک قومی اثاثہ تھے، کبھی بھی اپنے اصولوں کی سودے بازی نہیں کی ان خیالات کا اظہار انہوں نے سابق وزیراعلیٰ بلوچستان ممتاز و معروف بلوچ قوم پرست رہنما سردار عطاء اللہ مینگل کے جنازے میں شرکت اور تعزیت کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ سردار عطاء اللہ مینگل نے بلوچ عوام کے مفاد کی خاطر جیلیں کاٹیں لیکن کبھی بھی اپنے اصولوں کی سودے بازی نہیں کی۔
انہوں نے کہا کہ جب مفتی محمود ، سردار عطاء اللہ مینگل اور میر غوث بخش بزنجو کا سیاسی اتحاد کا معاہدہ ہوا تھا تو اس وقت کے وزیراعظم ذولفقار علی بھٹونے سردار عطاء اللہ مینگل کو گرفتار کرکے حیدرآباد جیل منتقل کیا تو مفتی محمود نے وزیراعلیٰ سرحد کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا جو پاکستان کے لئے ایک تاریخی اقدام تھا انہوں نے کہا کہ اختر مینگل بھی اپنے والد سردار عطاء اللہ مینگل مرحوم کے نقش قدم پر چل کر اپنے ملک صوبے اور عوام کی خدمت کو جاری رکھیں گے۔ اور انہوں نے کہا کہ عطاء اللہ مینگل کو اللہ تعالیٰ جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطاء فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل عطاء فرمائے۔