کوئٹہ: بلوچستان عوامی پارٹی کے ترجمان نے سوشل میڈیا پر چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کے حوالے سے چلنے والی اس خبر کی سختی سے تردید کی ہے کہ جس میں ان کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ پانی سر سے گزر چکا ہے اور پارٹی سے تعلق رکھنے والے دو ارکان کا فیصلہ اٹل ہے۔
ترجمان نے کہا کہ بی اے پی کے تمام ارکان متحد ہیں اور وہ وزیر اعلیٰ جام کمال خان کے ساتھ ہیں ان میں کسی قسم کا اختلاف نہیں ہے البتہ سیاسی جماعتوں میں اختلاف رائے جمہوری عمل کا حسن ہے جو باہمی مشاورت سے ختم کر لیے جاتے ہیں۔
ترجمان نے کہا کہ اس قسم کی گمراہ کن بیانات سے گریز کیا جائے جن میں کسی قسم کی صداقت نہیں ہوتی باپ پارٹی پہلے بھی متحدہ تھی اور آئندہ بھی متحد رہے گی اور اپنی کارکردگی کی وجہ سے آئندہ انتخابات میں مزید بہتر پوزیشن حاصل کرے گی۔