کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلو چ نے کہا ہے کہ ملک کا استحکام قوموں کی خودمختاری اور جمہوریت سے وابستہ ہے قوموں کی برابری ملک کے استحکام کی بنیاد ہے۔ عوامی نیشنل پارٹی کی قیادت و رہنماؤں کے بلوچ قیادت سے بہت پرانے مراسم رہے ہیں نیپ پر پابندی کے بعد قیادت الگ ہوگئی ان خیالات کا اظہار وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلو چ نے اے این پی کے رہنما میاں افتخار حسین اور بشریٰ گوہر کے اعزاز میں دےئے گئے ظہرانے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ظہرانے میں اصغر خان اچکزئی، نواب ارباب عبدالظاہر خان کاسی، انجینئر زمرک خان اچکزئی، حاجی نظام الدین ، سینیٹر داؤد خان اچکزئی ، عبدالمالک پانیزئی، نیشنل پارٹی کے صوبائی وزیر نواب محمد خان شاہوانی، صوبائی وزیر مجیب الرحمن محمد حسنی، صوبائی وزیر رحمت صالح بلوچ، وزیراعلیٰ کے ترجمان جان محمد بلیدی، پولیٹیکل سیکرٹری خیر جان بلوچ اور دیگر سیاسی رہنما موجود تھے۔ وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا کہ دونوں سیاسی جماعتوں کے قائدین نے ملک میں قوموں کے حقوق و برابری کیلئے مشترکہ اور طویل جدوجہد کی ہے اور ہمارے قائدین کی جدوجہد کی وجہ سے آج ملک میں جمہوریت قائم ہے اور قوموں کے وجود اورا ن کی خودمختاری کو تسلیم کیاگیا ہے۔ عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی سیکرٹری جنرل میاں افتخار حسین نے وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ او رنیشنل پارٹی کی قیادت کا اپنے اعزاز میں دےئے گئے ظہرانے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی بقاء و سا لمیت کے حوالے سے دونوں سیاسی جماعتوں کی ایک جیسی سوچ ہے۔ میاں افتخار حسین نے کہا کہ قوموں کے حقوق کا مسئلہ ملک کی سا لمیت و استحکام سے جڑا ہوا ہے ہماری بلوچستان کی صوبائی حکومت سے یہی توقعات ہیں کہ وہ بلوچستان کے عوام کے قومی حقوق کی مکمل پاسداری کریگی انہوں نے کہاکہ بلوچستان حکومت میں بلوچ و پشتون قوم پرستوں کی شمولیت سے اس بات کا اطمینان ہے کہ وہ قوموں کے حقوق و مفادات کو خاطر میں لاتے ہوئے اہم قومی فیصلے کریں گے اور گوادر کاشغر کوریڈور سے متعلق قوم پرستوں کے تحفظات کی بھرپور ترجمانی کرتے ہوئے وفاقی حکومت کو اس بات پر قائل کریں گے کہ گوادر ، کوئٹہ، ژوب ، ڈیرہ اسماعیل خان شاہراہ کی تعمیر کو اولیت دی جائے انہوں نے کہا کہ اس اہم قومی مسئلے پر اے این پی آل پارٹیز کانفرنس کا انعقاد کررہی ہے جس میں نیشنل پارٹی کی قیادت کو آفیشل دعوت ہے جس پر وزیراعلیٰ نے دعوت قبول کرتے ہوئے کانفرنس میں شرکت کیلئے آمادگی کا اظہار کیا۔