|

وقتِ اشاعت :   May 5 – 2015

کوئٹہ: وزیر اعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا ہے کہ عوام کو صحت کی تمام تر بہتر سہولیات کی فراہمی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے، صحت کے شعبہ کی بہتری کے عمل میں کسی بھی قسم کی کوتاہی اور غفلت برداشت نہیں کی جائے گی، ان خیالات کا اظہار انہوں نے محکمہ صحت سے متعلق اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر صوبائی وزیر صحت رحمت صالح بلوچ، چیف سیکریٹری بلوچستان سیف اللہ چٹھہ، سیکریٹری صحت نور الحق بلوچ، سیکریٹری خزانہ مشتاق احمد رئیسانی، سیکریٹری ایس اینڈ جی اے ڈی رضوان میمن، سیکریٹری قانون صفدر حسین، سیکریٹری سی اینڈ ڈبلیو علی احمد اور دیگر متعلقہ حکام بھی موجود تھے، اجلاس کو محکمہ صحت میں جاری ترقیاتی منصوبوں، ورٹیکل پروگرام، صوبے کے مختلف اضلاع میں صحت کی سہولیات ، اسیشلسٹ ڈاکٹروں کی کمی، بولان میڈیکل کالج ہاسٹل میں ضروری مرمت اور سہولیات کی فراہمی کے علاوہغیر متعلقہ افراد کے قیام سمیت دیگر مسائل کے حل کے لیے اٹھائے گئے اقدامات سے آگاہ کیا گیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ صحت کے شعبے میں جاری ترقیاتی منصوبوں کو مقررہ مدت میں معیار کے مطابق مکمل کیا جائے ، صوبے کے دور افتادہ اضلاع میں اسپیشلسٹ ڈاکٹروں کی کمی دور کرنے کے لیے فوری طور پر عارضی بنیادوں پر ڈاکٹروں کی تعیناتی عمل میں لائی جائے، ورٹیکل پروگرام کو بروقت مکمل کیا جائے، وزیر اعلیٰ نے ہدایت کی کہ بولان میڈیکل کالج ہاسٹل سے غیر متعلقہ افراد کو فوری طور پر بے دخل کیا جائے، وزیر اعلیٰ نے سنڈیمن پراونشل ہسپتال کے شعبہ حادثات میں بہتری لانے کی بھی ہدایت کی، وزیر اعلیٰ نے صوبائی محکمہ صحت میں اختیارات کو نچلی سطح پر منتقل کرنے کے لیے ضروری ہدایات دیں۔