کوئٹہ: محکمہ داخلہ نے گرفتار 75 طلباء کیخلاف درج مقدمہ واپس لے لیا ہفتے کے روز دوسرے دن بھی کمشنر اور ڈپٹی کمشنر آفس کے سامنے طلباء نے ریڈزون سے گرفتار کئے گئے 75 طلباء کی گرفتاریوں ، پی ایم سی انٹری ٹیسٹ میں بے ضابطگیوںکیخلاف طلباء کا احتجاجی دھرنا رات گئے تک جاری رہا۔
اس دوران انٹری ٹیسٹ اسٹوڈنٹس کمیٹی اور کمشنر کوئٹہ ڈویڑن سہیل الرحمن بلوچ اور انتظامی افسران میں مذاکرات ہوئے اس موقع پر ارکان بلوچستان اسمبلی ثناء بلوچ اور نصراللہ خان زیرے بھی موجود تھے جنہوں نے چیف سیکرٹری بلوچستان سے رابطہ کرکے گرفتار کئے گئے طلباء کی رہائی کا مطالبہ کیا۔
بعدازاں ایڈیشنل چیف سیکرٹری محکمہ داخلہ ارشد مجید نے ریڈزون سے گرفتار کئے گئے 75 طلباء کیخلاف درج مقدمہ واپس لینے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔ انٹری ٹیسٹ اسٹوڈنٹس ایکشن کمیٹی کے مطابق ضلعی انتظامیہ سے مذاکرات میں طے پایا ہے کہ گرفتار طلباء رہنماؤں کو ہفتے کی رات تک رہا کردیاجائیگا جبکہ انٹری ٹیسٹ میں بے ضابطگیوں سے متعلق کمیٹی قائم کی گئی ہے جو پی ایم سی سے رابطہ کرکے دو دن میں اپنی رپورٹ پیش کریگی۔ انہوں نے بتایاکہ دو دن بعد طلباء اپنے آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے