کوئٹہ: بلوچستان کے ضلع ژوب اور پشین میں ایف سی نے کائیوں کے دوران چار ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ بڑی تعداد میں خطرناک اسلحہ گولہ و بارود برآمد کرلیا گیا۔ ایف سی ترجمان کے مطابق ضلع ژوب کے پاک افغان سرحدی علاقے قمر الدین کاریز کے قریب لہری کے مقام پر ایف سی نے خفیہ اطلاع ملنے پر سرچ آپریشن کیا جس کے دوران دو ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔ذرائع کے مطابق گرفتار ملزمان میں ملا نواز اور عبداللہ سلیمانخیل شامل ہیں ۔ترجمان ایف سی کے مطابق گرفتار ملزمان کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ و بارود برآمد کیا گیا۔ برآمدکئے گئے اسلحہ میں چود ہ دیسی ساختہ بم، بارہ بارودی سرنگ، سات راکٹ لانچر، چھ راکٹ گولے ، تین دستی بم ،دو کلاشنکوف بمعہ تیرہ عدد میگزین ، اسی میٹر ڈیونیٹر نیٹر تار ، ایک دوربین، چار میٹرولا سیٹ ، چار عدد بیٹریاں ،سنائپر رائفل کی 250گولیاں اور ایک عدد سنگل بیرل راکٹ لانچر بمعہ ماؤنڈ شامل ہیں جبکہ ملزمان کے ٹھکانے پر موجود چھبیس عدد مارٹر بم دھماکے سے تباہ کردیئے گئے۔ ایف سی ترجمان کے مطابق برآمد کیا گیا مذکورہ اسلحہ اور گولہ بارودکودہشتگردوں نے صوبے میں تخریبی کارروائی کیلئے استعمال کرناتھا جس کو ایف سی نے بروقت اورکامیاب کارروائی کرکے ناکام بنادیا۔ایک دوسری کارروائی میں ایف سی نے خفیہ اطلاع پر پشین کے علاقے کلی تراٹامیں کالعدم تنظیم کے دودہشتگردوں کوگرفتارکر لیا۔گرفتاردہشتگردوں سے مزید تفتیش جاری ہے۔آئی جی ایف سی میجرجنرل شیر افگن نے فرنٹیئر کور بلوچستان کی کامیاب کا رروائی کو سراہتے ہوئے کہا کہ شدت پسند اپنے مذموم مقا صد کی تکمیل کیلئے بے گناہ اور معصوم لوگوں کو نشانہ بنا رہے ہیں تاکہ صوبے میں بدامنی پھیلا کر ملک کو عدم استحکام سے دوچار کرسکیں لیکن فرنٹےئرکور بلوچستان عوام کے تعاون سے شدت پسندوں اور دہشت گردوں کا یہ خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہونے دے گی۔انہوں نے ایف سی اہلکاروں پرزور دیتے ہوئے کہا کہ علاقے میں امن وامان کی صورتحال پر کڑی نظر رکھیں اور مقامی انتظامیہ ،پولیس اور لیویز کے ساتھ موئثررابطہ رکھیں تاکہ شرپسندوں اور جرائم پیشہ افرادکے ساتھ موئثر طریقے سے نمٹاجاسکے۔دریں اثناء بلوچستان کی سندھ،پنجاب سے متصل سرحدی پٹی کے علاقوں اور قلات میں ایف سی نے سرچ آپریشن کے دوان 10ملزمان کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا۔ ایف سی ترجمان کے مطابق ایف سی نے ڈیرہ بگٹی اور صحبت پور کے سندھ اور پنجاب سے ملحقہ علاقوں پٹ فیڈر، مسوانی گوٹھ،حمزانی گوٹھ،دوداٹبہ اور گردونواح میں سرچ آپریشن کیا جس کے دوران سات شرپسندوں کو گرفتارکرلیاگیا۔گرفتارشرپسندوں کے قبضے سے بڑی تعدادمیں اسلحہ اور بارودبرآمد کرلیاگیا۔ذرائع کے مطابق گرفتار افراد میں راہیجہ خان ولد شفیع ، شفیع بگٹی ساکنان در محمد گوٹھ پٹ فیڈر، اسماعیل ولد حوال مری اورخمیسوولد جورو سکنہ صحبت پور شامل ہیں جن سے ایک عدد کلاشنکوف، چھ میگزین، ایک سو بیس کارتوس برآمدہوئے۔ ضلع قلات کی تحصیل منگچر میں بھی ایف سی نے سرچ آپریشن کیا جس کے دوران تین ملزمان کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کیا گیا۔ ایف سی ترجمان کے مطابق گرفتار کئے گئے ملزمان کا تعلق کالعدم یونائیٹڈ بلوچ آرمی سے ہے۔