|

وقتِ اشاعت :   May 11 – 2015

کوئٹہ: فرنٹیئرکور بلوچستان کاسوئی کے علاقے بیام شئی نالہ میں گیس پائپ لائن کو تباہ کرنے والے شرپسندوں کیخلاف سرچ آپریشن،کارروائی میں ایک مطلوب دہشتگرد ہلاک 3 گرفتار، اسلحہ برآمد۔ بختیار آباد کے ملحقہ علاقوں میں سرچ آپریشن،کارروائی کے دوران 04شدت پسند گرفتار،اسلحہ برآمد۔تفصیلات کے مطابق فرنٹیئرکور بلوچستان نے سوئی کے علاقے بیا م شئی نالہ میں گزشتہ رات گیس پائپ لائن کودھماکے سے اڑانے والے شرپسندوں کیخلاف کارروائی کرتے ہوئے شدید فائرنگ کے تبادلے میں ایک مطلوب دہشتگرد کوہلاک جبکہ تین دہشتگردوں کو گرفتارکرکے ان کے قبضے سے خودکار اسلحہ بھی برآمد کرلیا۔گرفتاردہشتگردوں سے مزید تفتیش جاری ہے۔دوسری کارروائی میں ایف سی نے بختیار آباد کے ملحقہ علاقوں میں سرچ آپریشن کرتے ہوئے 04شدت پسندوں کو گرفتارکرلیا۔گرفتارشدت پسندوں کے قبضے سے اسلحہ برآمد کرلیاگیا۔شدت پسندوں سے مزید تفتیش جاری ہے۔واضح رہے کہ ہلاک اور گرفتارشرپسندگیس پائپ لائنوں اور سرکاری تنصیبات کو نقصان پہنچانے میں ملوث تھے۔آئی جی ایف سی میجرجنرل شیر افگن نے ایف سی اہلکاروں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ صوبے میں امن وامان کی صورتحال کوبرقراررکھنے کیلئے آخری دہشتگرد کے خاتمے تک کارروائی جاری رکھی جائے گی اور کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیاجائے گا۔دریں اثناء فرنٹیئرکوربلوچستان کاخفیہ اطلاع پرحب میں ساکران روڈپربی ایل ایف کے شرپسندوں کیخلاف سرچ آپریشن،کارروائی میں کالعدم تنظیم بی ایل ایف کے04دہشتگردگرفتار،اسلحہ برآمد۔ایف سی نے حب کے علاقے میں غیرقانونی ڈیزل اسمگلنگ کی کوشش ناکام بناتے ہوئے 15190لٹرایرانی ڈیزل قبضے میں لے لیا۔جبکہ قلعہ سیف اللہ میں مختلف ہوٹلوں میں کارروائی کے دوران10غیر قانونی افغان باشندے گرفتارکرلیئے۔تفصیلات کے مطابق فرنٹیئرکور بلوچستان نے خفیہ اطلاع پر حب میں ساکران روڈپرکالعدم تنظیم بی ایل ایف کے دہشتگردوں کیخلاف سرچ آپریشن کرتے ہوئے کالعدم تنظیم سے تعلق رکھنے والے 04دہشتگردوں کو گرفتار کرلیا، گرفتار دہشتگردوں کے قبضے سے خودکارہتھیاربرآمد کرلیئے گئے۔دوسری کارروائی میں ایف سی نے حب میں غیرقانونی ڈیزل اسمگلنگ کی کوشش کو ناکام بناتے ہوئے 15190لٹر ایرانی ڈیزل قبضے میں لے کرکسٹم حکام کے حوالے کردیا۔دریں اثنا قلعہ سیف اللہ میں مقامی ہوٹلوں میں غیرقانونی طورپر رہائش پذیر افغان باشندوں کیخلاف کارروائی کرتے ہوئے10افغان باشندوں کو گرفتار کرلیا جن سے مزید تفتیش جاری ہے۔