آواران: ہاؤسنگ ری کنسٹرکشن آواران پراجیکٹ کے ڈائریکٹر عزیز جمالی نے کہا ہے کہ ضلع آواران اور کیچ کے ان تمام زلزلہ متاثرین کو سولر انرجی سسٹم فراہم کئے جائیں گے جو اپنے مکانات کی تعمیر مکمل کرچکے ہیں۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ جولائی 2014ء سے اب تک 16ہزار متاثرین کو امدادی چیک دیئے جاچکے ہیں جن میں سے 8ہزار متاثرین اپنے مکانات کی تعمیر میں مصروف ہیں اور اب تک 12سو مکانات کی تعمیر مکمل ہوچکی ہے جبکہ آئندہ دوماہ میں چھ ہزار مکانات تیار ہوجائیں گے جوکہ صوبے کی تاریخ کا تیز ترین تعمیراتی ریکارڈ ہے۔ آواران اور ڈنڈار جیسے علاقوں میں ترقی اور تعمیری سوچ پر عملدرآمد کسی طرح بھی جہاد سے کم نہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومتی اعلان اور منظور شدہ پی سی ون کے تحت تیار ہونے والے گھروں کے مکینوں کو سولر انرجی سسٹم دیا جائے گا جس کے لئے قواعد وضوابط کے مطابق ٹینڈر کئے جاچکے ہیں۔ انہوں نے متاثرہ علاقوں میں جاری تعمیراتی کاموں پر تنقید کرنے والوں سے کہا ہے کہ وہ بجائے اس کے کہ اچھے کاموں کو تنقید کا نشانہ بنائیں انہیں چاہیئے کہ وہ متاثرین کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے علاقے میں تعمیری سوچ کو پروان چڑھانے میں اپنا کردار ادا کریں اور اگر وہ باتوں پر توجہ دینے کی بجائے تعمیراتی عمل میں حصہ لیں تو یہ منصوبہ مقررہ مدت سے قبل پایہ تکمیل تک پہنچ سکتا ہے۔