کوئٹہ : انسداد دہشت گردی کی عدالت نے نواب اکبر بگٹی قتل کیس میں سابق صدر پرویز مشرف کو مشروط بنیادوں پر حاضری سے مستقل استثنیٰ دیدیا کیس کی اگلی سماعت یکم جون کو ہو گی بدھ کوکوئٹہ میں نواب اکبر بگٹی قتل کیس کی سماعت انسداد دہشتگردی کے جج آفتاب احمد لون نے کی پرویز مشرف کے وکیل سعید اختر شاہ نے سابق صدر کی حاضری سے مستقل استثنیٰ سے متعلق درخواست پیش کی جسے عدالت نے مشروط بنیادوں پر منظور کرلیا اور کہا کہ جب عدالت طلب کرے تو پرویز مشرف کو حاضر ہو نا ہو گا دوران سماعت عدالت کی جانب سے آفتاب شیر پاؤ کی عدم حاضری پر برہمی کااظہارکیا گیا جج آفتاب احمدلون نے ریمارکس دیتے ہوئے کہاکہ ہم کیس کو جلد از جلد نمٹانا چاہتے ہیں نئی تاریخ کا اعلان بھی تمام فریقین کی مشاورت سے کیا جائے گا آئندہ سماعت پر وکیل اور موکلین کا حاضرہو نا ضروری ہے دوران سماعت وکیل صفائی سہیل احمدراجپوت پرسابق صوبائی وزیر داخلہ شعیب نوشیروانی کے وکیل جام فاروق نے جرح کرتے ہوئے کہا کہ سہیل راجپوت وکیل ہیں بطور گواہ کیس کی پیروی کیسے کر سکتے ہیں اس پر پراسیکیوٹر جنرل بلوچستان نے کھڑے ہو کر عدالت کی رہنمائی کی کہ سہیل راجپوت بطور وکیل عدالت میں پیش ہوئے ہیں وہ کیس میں بطور گواہ پیش نہیں ہو سکتے عدالت نے سابق وفاقی وزیر داخلہ آفتاب احمد خان شیر پاؤ کو بھی عدالت میں حاضری سے ایک دن کا استثنیٰ دیدیا کیس کی مزید سماعت یکم جون تک ملتوی کر دی گئی ۔