|

وقتِ اشاعت :   November 1 – 2021

اسلام آباد +کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان میرعبدالقدوس بزنجو نے کہا ہے کہ وفاقی اور صوبائی حکومت ملکر بلوچستان کی تقدیر بدل سکتی ہیں وفاقی منصوبوں پر پیش رفت تیز کرنے اور فنڈز کے بروقت اجرء کی اشد ضرورت ہے صوبے کی ترقیاتی ضرورتوں کو پورا کرنے اور مالی معاونت کے حصول کے لئے وفاق کی توجہ حاصل کرینگے۔

یہ بات انہوں نے اتوار کو اسلام آباد میں بلوچستان عوامی پارٹی سے تعلق رکھنے والے سینیٹرز اورارکان قومی اسمبلی سے ملاقات کے دوران بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ ملاقات میں دیگر امور کے علاوہ بلوچستان کی ترقی کے لئے وفاق کے تعاون کے حصول پر تبادلہ خیال کیا گیا ملاقات میں کہا گیا کہ بلوچستان جیسے وسیع و عریض اور پسماندہ صوبے کی ترقی کے لیئے وفاقی حکومت کا تعاون ناگزیر ہے محدود وسائل کے باعث دور دراز علاقوں کی ترقی کے ہدف کا حصول ممکن نہیں ہے ،ملاقات میں سینٹ اور قومی اسمبلی کے زریعے بلوچستان کی ترقیاتی ضروریات اور مسائل ومشکلات کو بھرپور طور پر اجاگر کرنے سے اتفاق کیا گیا ۔اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا کہ صوبے کی مجموعی ترقی اور قدرتی وسائل کو بروئے کار لانا موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے ہماری خوش قسمتی ہے کہ وزیراعظم عمران خان بلوچستان کی ترقی میں گہری دلچسپی رکھتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ زرائع مواصلات اور دیگر شعبوں کی ترقی کے منصوبے وفاقی پی ایس ڈی میں شامل ہیں جنوبی بلوچستان کے ترقیاتی پیکج پر بھی عملدرآمد کا آغاز ہو گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ وفاقی منصوبوں پر عملدرآمد کی پیش رفت تیز کرنے اور فنڈز کے بروقت اجرء کی اشد ضرورت ہے،صوبے کی ترقیاتی ضرورتوں کو پورا کرنے اور مالی معاونت کے حصول کے لئے وفاق کی توجہ حاصل کرینگے۔میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومت ملکر بلوچستان کی تقدیر بدل سکتے ہیں۔

بلوچستان کے عوام کو زندگی کی بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے لئے وفاقی حکومت کا بھرپور تعاون حاصل کرینگے۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان سے تعلق رکھنے والے سینیٹرز اور اراکین قومی اسمبلی پارلیمنٹ میں صوبے کے عوام کی مضبوط آواز بنیں عوام نے ہمیں اپنا نمائندہ بنا کر اسمبلیوں میں بھیجا ہے۔انہوں نے کہا کہ عوام کی امیدوں پر پورا اترنے کے لئے ہر رکن اسمبلی کو اپنا کردار ادا کرنا ہو گاصوبے کے سینٹرز اور اراکین قومی اسمبلی کو صوبائی حکام کی جانب سے وفاق سے متعلق مالی و ترقیاتی امور پر بریفنگ دی جائے گی۔وزیراعلی بلوچستان اسلام آباد میں قیام کے دوران وزیراعظم اور وفاقی وزراء ، سینٹرز اور اراکین قومی اسمبلی اور وفاقی سیکریٹریوں سے ملاقاتیں کریںگے