|

وقتِ اشاعت :   May 23 – 2015

کوئٹہ: وزیر اعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا ہے کہ قدرتی آفات میں بروقت اور فوری ریسکیو اور امداد سے بڑی حد تک جانی و مالی نقصان کو کم کیا جا سکتا ہے، 1122ریسکیو کا پنجاب میں کامیاب تجربہ اور کارکردگی متاثر کن ہے، بلوچستان میں بھی 1122کا آغاز کیا جا ئیگا، ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈائریکٹر جنرل ریسکیو 1122 پنجاب ڈاکٹر رضوان نصیر کی جانب سے دی گئی بریفنگ کے موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر صوبائی وزیر داخلہ میر سرفراز احمد بگٹی، صوبائی وزیر منصوبہ بندی و ترقیات ڈاکٹر حامد خان اچکزئی، چیف سیکریٹری بلوچستان سیف اللہ چٹھہ، ایڈیشنل چیف سیکریٹری (منصوبہ بندی و ترقیات) حبیب اﷲ بازئی ، پرنسپل سیکریٹری محمد نسیم لہڑی، سیکریٹری خزانہ مشتاق احمد رئیسانی، کمشنر کوئٹہ ڈویژن قمبر دشتی، ڈائریکٹر جنرل پراونشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی سمیت دیگر حکام بھی موجود تھے، رضوان نصیر نے 1122کی پنجاب، آزاد کشمیر، خیبرپختونخوا میں کارکردگی ، قدرتی آفات میں متاثرین کو ریسکیو کرنے، اہلکاروں کو فراہم کئے گئے جدید آلات و تربیت اور منصوبے پر آنے والی لاگت اور مجموعی کارکردگی پر تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اب تک 1122 نے پنجاب میں 32لاکھ سے زیادہ افراد کو مختلف حادثات میں ریسکیو کیا ہے، جبکہ پورے پنجاب میں 1122کے اخراجات ایک ہسپتال کے اخراجات سے بھی کم ہیں، انہوں نے بتایا کہ 1122پنجاب بلوچستان میں 1122کے قیام کے لیے ہر قسم کی تیکنیکی معاونت کے علاوہ اہلکاروں کی تربیت میں معاونت فراہم کرے گی، اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا کہ صوبے میں کانکنی ،حادثات، زلزلہ، سیلاب، روڈ حادثات میں امدادی اداروں کے استعداد کار اور صلاحیت کارنہ ہونے کے باعث قیمتی جانوں کا ضیاع ہوتا ہے، اگر متاثرین کو فوری طور پر تربیت یافتہ عملہ ریسکیو کرے تو بہت سی قیمتی جانیں بچائی جا سکتی ہیں اور جانی و مالی نقصانات کو کم کیا جا سکتا ہے، وزیر اعلیٰ نے ہدایت کی کہ 1122 کا صوبائی دارلحکومت کوئٹہ میں پائلٹ پروجیکٹ شروع کیا جائے اور 1122 کو ان تمام ضروری تربیت اور آلات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے جن سے پنجاب میں 1122 استفادہ کر رہا ہے، اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر داخلہ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ 1122ریسکیو میں اہلکاروں اور دیگر عملہ کی این ٹی ایس (NTS) کے ذریعے حال ہی میں بھرتیاں کی گئی ہیں، 1122ریسکیو کا قیام انتہائی نیک عمل ہوگا جس سے عوام کو فوری امداد اور ریلیف ملے گا۔