|

وقتِ اشاعت :   November 11 – 2021

کوئٹہ:  وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو سے صوبائی وزرا کی یہاں ہونے والی ملاقات میں وزیر اعلیٰ کے حالیہ دورہ اسلام آباد کے تناظر میں صوبے کی مجموعی تعمیر وترقی،امن و امان، معیشت، صوبائی اور وفاقی ترقیاتی پروگرام سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں صوبائی وزراء میر اسد اللہ بلوچ، میر نصیب اللہ مری،سردار صالح محمد بھوتانی، حاجی محمد خان لہڑی، میر سکندر علی عمرانی، انجینئر زمرک خان اچکزئی، حاجی اکبر آسکانی اور رکن صوبائی اسمبلی خلیل جارج موجود تھے۔

وزیر اعلیٰ نے وزراء سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنے حالیہ دورہ اسلام آباد میں بارڈر پر بندش ختم کرنے اور چیک پوسٹوں کو کم کرنے سے متعلق وفاقی حکومت کو تجاویز دی ہیں اس کے ساتھ ساتھ گیس پریشر کی کمی اور لوڈ شیڈنگ کے مسئلہ کو ختم کرنے کے لئے بھی وفاق سے درخواست کی ہے کہ یہ درینہ عوامی مسائل حل کیا جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان سے ساؤتھ پیکیج کے طرز پر صوبے کے لیئے نارتھ پیکج بھی شروع کرنے کی درخواست کی ہے۔

انہوں نے وزراء سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ آپ جو بھی تجاویز دیں گے وہ ہمیں منظور ہیں اور ہم وفاق میں بھی آپ کے تجاویز ساتھ لے کر چلیں گے اور اپنے تمام ساتھیوں کو آن بورڈ لیں گے

وزیراعلیٰ نے کہا کہ میری خواہش ہے کہ بلوچستان کے تمام اراکین اسمبلی انفرادی طور پر بھی وزیراعظم پاکستان عمران خان سے ملاقات کریں تاکہ بلوچستان کے مسائل کو وفاق میں بھرپور انداز سے اجاگر کیا جائے۔

وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو کے حالیہ دورے کو صوبائی وزراء نے سراہتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کو درپیش مسائل کے حل کے لئے آپ کی کوششیں بار آور ثابت ہوگی اور ہم سب صوبے کی تعمیر و ترقی کے لیے مل جل کر کام کریں گے۔