کوئٹہ : وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت پر حکمران اتحاد نے مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں انتخابی اصلاحات سمیت 27 بل منظور کرا کے تاریخی کامیابی حاصل کی ہے جس کے لیے حکمران اور اتحادی جماعتیں اور خاص طور سے وزیراعظم پاکستان مبارک باد کے مستحق ہیں اپنے ایک بیان میں وزیراعلی بلوچستان نے کہا ہے کہ پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں حکومت اور اتحادیوں کی کامیابی ملک کی پارلیمانی تاریخ میں ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتی ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے ضروری ترامیم کے لیے جس استقامت کا مظاہرہ کیا اور تمام تر دباؤ کا جرات اور دانشمندی کے ساتھ مقابلہ کرتے ہوئے ارکان پارلیمنٹ کو جس طرح اعتماد میں لیا وہ ان کی سیاسی بصیرت اور سٹیٹس مین شپ کا ثبوت ہے انہوں نے کہا کہ بلوچستان عوامی پارٹی بطور اتحادی روز اول سے وزیراعظم کے ساتھ ہے اور آج کے مشترکہ اجلاس میں بھی بی اے پی کے اراکین قومی اسمبلی و سینیٹ نے جس اتحاد اور نظم و ضبط کا مظاہرہ کیا۔
اس کے لیے وہ مبارکباد کے مستحق ہیں انہوں نے بی اے پی اور اتحادیوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم عمران خان بلوچستان کی ترقی میں ذاتی دلچسپی لے رہے ہیں اور انہیں یقین ہے کہ وفاقی حکومت کے تعاون سے ہم بلوچستان کو ترقی دینے میں کامیاب ہوں گے وزیر اعلی بلوچستان نے کہا کہ بی اے پی آئندہ بھی صوبہ اور ملک میں جمہوری اقدار کی ترقی اور فروغ کے لیے مثبت کردار ادا کرتی رہے گی۔