کوئٹہ : وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا ہے کہ بلوچستان میں امن وامان کے قیام کیلئے عملی اقدامات اٹھائیںگے ،نئی حکومت ہے وزارتیں تقسیم ہوئے ایک ماہ بھی نہیں ہوا ہے ،پی پی ایل کے بقایاجات سے متعلق وزیراعظم سے بات کی ہے جلد پی پی ایل کے بقایاجات ادا کردئیے جائیںگے ،کوئٹہ سے پنجپائی براہ راستہ غبرگ شاہراہ کی تکمیل ہر حال میں مکمل کرینگے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے بلوچستان اسمبلی کے اجلاس کے بعد’’آن لائن‘‘ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا کہ بلوچستان کے تمام مسائل کے حل کیلئے ہر فورم پر آواز اٹھائوں گا پی پی ایل کے تین سال کے بقایاجات کیلئے وزیراعظم عمران خان سے بات کی ہے انہوں نے اس حوالے سے یقین دہانی کرائی ہے کوئٹہ پنجپائی براستہ غبرگ پہاڑی کی کٹائی کے حوالے سے زیر التواء منصوبے کے حوالے سے پوچھے گئے۔
ایک سوال کے جواب میں وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ پنجپائی کے عوام کا اس دیرینہ مسئلہ کو حل کرونگا اس حوالے سے انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ جلد مجھے رپورٹ پیش کرکے اس منصوبے کی تکمیل میں حائل رکائوٹوں کو دور کیا جائے امن وامان کے حوالے سے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ بلوچستان میں امن وامان ہمارے ترجیحات میں شامل ہے اس حوالے سے ٹھوس اقدامات اٹھائینگے عوام کی جان ومال کی حفاظت ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔