|

وقتِ اشاعت :   June 2 – 2015

کوئٹہ:  جمعیت علماء اسلام کے مرکزی وصوبائی رہنماؤں نے سانحہ مستونگ کوملک کی سالمیت پرحملہ قراردیتے ہوئے کہاہے کہ یہ ملک اور قوم پر حملہ ہے جس میں غیرملکی ہاتھ کارفرماہوسکتاہے،بھارت اورکچھ استعماری قوتیں اقتصادی راہداری کے منصوبے کوسبوتاژکرنے کے درپے ہیں،حکومت اورسیکورٹی ادارے اپنی ذمہ داریاں پوری کریں، حکومت ملزمان کو ابھی تک گرفتار نہیں کر سکی ہے۔ان خیالات کااظہارجمعیت علماء اسلام کے مرکزی جنرل سیکرٹری اورڈپٹی چیئرمین سینیٹ مولاناعبدالغفورحیدری،مرکزی نائب امیرایم این اے مولاناقمرالدین،صوبائی امیرمولانافیض محمد،مفتی عبدالقادرشاہوانی ودیگرنے خضدارمیں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا،مقررین نے کہاکہ بے گناہ مسافروں پر حملہ کر نے والے انسانیت دشمن ہیں ،یہ واقعہ کھلی درندگی ہے، قومی جماعتوں کی اقتصادی راہداری کے حوالے سے قومی جماعتوں کے اتحاد نے دشمن کو ہلا کر رکھ دیا ہے اور ایسا محسوس ہو تا ہے کہ دشمنوں کو یہ بات ہضم نہیں ہو ئی ہے انہوں نے کہاکہ ایک سازش کے تحت بلوچستان میں بدامنی پیداکی جارہی ہے،بلوچ اورپٹھان بھائی بھائی ہیں،یہاں کے برادراقوام میں کوئی اختلاف نہیں،صدیوں سے آباداقوام مسلمان اورثقافتی حوالے سے ایک دوسرے سے بہت قریب ہیں انہوں نے کہاکہ صوبائی حکومت بے بس ہے،جن قوتوں نے قوم پرستوں کواقتدارسونپاان کے اشارے پرصوبائی حکومت چل رہی ہے،انہوں نے کہاکہ صوبائی حکومت نہ خوداپنی طاقت اورمرضی سے اقتدارمیں آئی ہے اورنہ ہی خوداپنی مرضی سے مستعفی ہوسکتی ہے،حکومت صوبے میں امن قائم کرے گی توجمعیت ہرممکن تعاون کے لئے تیارہے،درین اثناء جمعیت علماء اسلام کی ہدایت پرصوبہ بھرمیں سانحہ مستونگ کے خلاف احتجاجی مظاہرے کئے گئے اورریلیاں نکالی گئیں،مستونگ میں سینیٹرمفتی عبدالستار،ضلع لورالائی میں صوبائی نائب امیرایم این اے مولاناامیرزمان،عطاء اللہ کاکڑ،پشین میں مولاناکمال الدین،سیدمطیع اللہ آغا،ایم این اے مولاناآغامحمد،نصیرآبادمیں مولاناعبداللہ جتک،بولان میں حاجی منگے خان،نوشکی میں مولاناغلام حیدر،چمن میں مولاناعبدالرحیم مظہری،حاجی غوث اللہ،ہرنائی میں مفتی اکرام اللہ،ژوب میں ایم پی اے مفتی گلاب،ضلع لہڑی میں مولاناارشدشاہ،حب میں مولاناغلام قادرقاسمی کی قیادت میں ریلیاں نکالی گئیں اوراحتجاجی مظاہرے کئے گئے،مقررین نے سانحہ مستونگ کی شدیدالفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہاکہ سانحہ نے قوم کے دلوں کو ہلا کر رکھ دیا ہے یہ واقعہ وطن کے خلاف سازشوں کا ایک حصہ ہے اس موقع پر اتحاد واتفاق کی اشد ضرورت ہے لیکن ملزموں کو کیفر کردار تک پہنچا نا بھی وقت کا اہم تقاضا ہے انہوں نے کہا کہ یہ واقعہ ملک وقوم کے ساتھ کھلی دشمنی ہے دہشت گر دی کر نے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں انھیں جلد از جلد کیفر کردار تک پہنچا یا جا ئے انہوں نے کہا کہ مستونگ میں معصوم شہریوں کی جانوں سے کھلنے والوں کاوطن عز یز کو کمزور کر نے خواب کبھی پورا نہیں ہو گا پوری قوم ملک دہشت اور وحشت پھیلانے والے ان درندہ صفت افراد کو جلد ازجلد قانون کے کٹہرے میں دیکھنا چاہتی ہے انہوں کہا کہ بلو چستان میں حکومت نام کی کوئی چیز نہیں یوں لگتا ہے کہ وہاں دہشگردوں کا راج ہے انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی بلو چستان اپنی کابینہ سمیت اپنی ناکامی کو قبول کرتے ہوئے مستعفی ہو جا نا چاہیے انہوں نے کہاکہ وردی میں لوگوں کوقتل کرناسنگین جرم ہے،بلوچ اورپشتون کولڑانے کی سازش ناکام بنادیں گے،جمعیت تمام برادراقوام کی نمائندہ جماعت ہے،قوموں کے درمیان نفرتیں پیداکرنے کی ہرسازش کاڈٹ کرمقابلہ کریں گے،بائیس پشتون مسافروں کی المناک شہادت کے واقعہ پربلوچوں نے بھی سخت ردعمل ظاہرکیاجمعیت اس طرح بزدلانہ حرکتوں کی اجازت نہیں دے گی انہوں نے کہاکہ جمعیت نے 5جون کوکوئٹہ میں تمام جماعتوں کامشترکہ جلسہ طلب کیاہے جس میں یکجہتی کامظاہرہ کیاجائے گااوردشمن کوپیغام دیاجائے گاکہ یہاں آبادتمام اقوام مسلمان اورآپس میں بھائی بھائی ہیں ان کولڑانے کی ہرسازش ناکام بنادیں گے ۔