کوئٹہ : نیشنل پارٹی بلوچستان وحدت کی نیشنل ورکنگ کمیٹی کا اجلا س بدھ کو زیر صدارت میر اکرم بلوچ منعقد ہوا ۔ اجلاس میں سیاسی صورتحال ، تنظیمی امور، حکومت کی کارکردگی سمیت عوامی مسائل کا تفصیلی جائزہ لیاگیا۔ اجلاس میں وحدت بلوچستان کنونشن کو انتہائی کامیاب قراردیتے ہوئے کہاگیا کہ کنونشن کے شرکاء نے انتہائی پرمغز بحث و مباحثہ ، سیاسی و تنظیمی صورتحال کا انتہائی باریک بینی سے تجزیہ کیا اور پارٹی کو مزید فعال و متحرک بنانے کیلئے جو مثبت تجاویز دی ہیں پارٹی انہی تجاویز کو سامنے رکھتے ہوئے مستقبل کا لائحہ عمل مرتب کرے گی اور این پی کو بلوچستان کی اکثریتی جماعت بنانے کیلئے موثر سیاسی حکمت عملی اپنائے گی۔ ورکنگ کمیٹی نے گوادر کاشغر اقتصادی راہداری کے ثمرات اور ترقی کے فوائد گوادر اور بلوچستان کے عوام کو پہنچانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ گوادر پورٹ کی مکمل فعالت اور ترقی سے پیدا ہونے والے چیلنجوں، مقامی افراد کو روزگار کی فراہمی اور انہیں اقلیت میں تبدیل ہونے والے خدشات کو وفاقی حکومت دور کرے اور اس امر کو یقینی بنایا جائے کہ بلوچستان اور بالخصوص گوادر کی آبادی کا توازن کسی بھی طرح متاثر نہ ہو۔ اجلاس نے یہ مطالبہ بھی کیا کہ گوادر میں صنعت کاری سے قبل گوادر مکران سمیت بلوچستان کے بیروزگار نوجوانوں کو ہنر مند (تکنیکی تربیت) بنانے کیلئے تکنیکی مراکز بنائے جائیں اور اس بات کی ضمانت دی جائے کہ گوادر میں پہلا حق یہاں کے عوام کو تمام ثمرات میں۔ مقررین نے کہا کہ بلوچستان کے عوام کبھی بھی ترقی مخالف نہیں رہے لیکن اس کا مطلب ہر گز یہ نہیں کہ ترقی کے نام پر بلوچستان کے عوام کو اقلیت میں تبدیل کیاجائے۔ نیشنل پارٹی بلوچ عوام کو اقلیت میں تبدیل کرنے کے کسی بھی عمل کی اجازت نہیں دے گی۔ ورکنگ کمیٹی نے کہا کہ وفاقی حکومت گوادر، کاشغر اقتصادی راہداری ، گواد رمیں مستقبل میں ہونے والی ترقی سے متعلق بلوچ عوام کے تحفظات اور خدشات کو دور کرنے سے متعلق ٹھوس اعتماد سازی کیلئے اقدامات اٹھائے۔ اجلاس نے مطالبہ کیا کہ گوادر پورٹ بلوچستان حکومت کے حوالے کی جائے۔ نیشنل ورکنگ کمیٹی نے سانحہ تربت، سانحہ مستونگ کی شدید لفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ تشدد اور انتہا پسندی، بے گناہ ااور معصوم افراد کا قتل کسی بھی طرف سے ہو وہ قابل مذمت و نفرت ہے اجلا س نے حکومت بلوچستان بالخصوص وزیراعلیٰ ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ اور ان کے رفقاء کی کاکردگی پر اعتماد اور اطمینان کا اظہار کیا۔