کوئٹہ: بلوچستان عوامی پارٹی کے سینیٹر کہدہ بابر نے بلوچستان کو حق دو تحریک سے اپیل کی ہے کہ وہ دھرنا ختم کریں اور مذاکرات کیلئے ایکشن کمیٹی تشکیل دیں حق دو تحریک کے تقریبا تمام مطالبات مان لئے گئے،جس پر تیزی سے عملدرآمد جاری ہے،ٹرالر مافیا کے خلاف ایکشن کے نتائج بھی سامنے آرہے ہیں۔ان خیالات کااظہار انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں کیا۔
سینیٹر کہدہ بابر نے کہاکہ مولانا ہدایت الرحمن صاحب سے اپیل ہے کہ دھرنا ختم کردیں اور مشاورت کے لئے ایکشن کمیٹی تشکیل دیں جس سے حکومتی حکام مسلسل رابطے میں رہیں گے،حق دو تحریک کے تقریبا تمام مطالبات مان لئے گئے،جس پر تیزی سے عملدرآمد جاری ہے،ٹرالر مافیا کے خلاف ایکشن کے نتائج بھی سامنے آرہے ہیں،انہوں نے کہاکہ گوادر میں بارڈر ٹریڈ جاری ہے،اس میں مزید آسانی کے لئے وفاقی حکومت سے رابطے میں ہیں،گوادر کئی سالوں سے نظر انداز رہا، جسکی وجہ سے مسائل بڑھ گئے،وزیراعلی قدوس بزنجونے پانچ دہائیوں کے مسائل صرف پنتالیس روز میں ختم کئے،جس پر انکے مشکور ہیں۔