|

وقتِ اشاعت :   December 5 – 2021

اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کی اسٹیرنگ کمیٹی نے لانگ مارچ اور استعفوں سے متعلق سفارشات تیار کر لیں۔

ذرائع کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں مسلم لیگ نون کے رہنما، سابق وزیرِ اعظم شاہد خاقان عباسی کی زیرِ صدارت پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کی اسٹیرنگ کمیٹی کا اجلاس ہوا۔

اجلاس میں لانگ مارچ اور اسمبلیوں سے استعفوں کے آپشن پر غور کرتے ہوئے ان کی حمایت میں سفارشات تیار کی گئیں۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ پی ڈی ایم کی اسٹیرنگ کمیٹی نے اتفاق کیا کہ لانگ مارچ بھی ہونا چاہیئے اور استعفے بھی دینے چاہئیں۔

ذرائع نے بتایا کہ لانگ مارچ اور استعفوں کے وقت اور تاریخ کا تعین پی ڈی ایم کا سربراہی اجلاس کرے گا۔

ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ اپوزیشن اتحاد کی اسٹیرنگ کمیٹی میں لانگ مارچ سے پہلے چاروں صوبوں میں کنونشن اور احتجاجی جلسے کرنے پر اتفاق بھی کیا گیا۔

ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ اسٹیرنگ کمیٹی کی سفارشات کل پی ڈی ایم کے سربراہی اجلاس میں پیش کی جائیں گی۔