کراچی: وزیراعظم کے دورہ کراچی کے موقع پرپاکستان تحریک انصاف کے دو رہنماؤں کے درمیان سخت جملوں کا تبادلہ ہوا جس پر عمران خان کو باقاعدہ مداخلت کرنا پڑی۔
ذرائع سے بتایا ہے کہ وزیراعظم عمران خان اپنے دورہ کراچی کے موقع پر جب گورنر ہاؤس میں ایک اجلاس کی صدارت کررہے تھے تو ان کے معاون خصوصی برائے سندھ امور ڈاکٹر ارباب غلام رحیم نے گورنر سندھ اور پارٹی رہنما حلیم عادل شیخ کے خلاف شکایت کی۔
ذرائع کے مطابق سابق وزیراعلیٰ سندھ ارباب غلام رحیم نے براہ راست وزیراعظم عمران کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ گورنر سندھ اور حلیم عادل شیخ مجھے کام نہیں کرنے دیتے ہیں۔
ہم نیوز کو اس حوالے سے ذرائع نے بتایا ہے کہ اس الزام پر حلیم عادل شیخ نے مؤقف اپنایا کہ ارباب غلام رحیم خود گھر سے نہیں نکلتے ہیں حالانکہ میں نے انہیں متعدد مرتبہ مدعو بھی کیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ صورتحال دیکھ کر وزیراعظم عمران خان نے براہ راست مداخلت کی اور معاملہ رفع دفع کرایا۔