|

وقتِ اشاعت :   December 15 – 2021

خانیوال سے پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 206 میں پیپلز   پارٹی کے کیمپ آفس پر حملے اور گھر میں داخل ہونے کے الزامات پر  ن لیگی رہنماؤں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔

گزشتہ روز حلقہ پی پی 206 خانیوال میں پیپلز پارٹی کے امیدوار میر واثق کی رہائش گاہ پر خواتین کا رش دیکھ کر مسلم لیگ ن کے رہنما عطا تارڑ کئی کارکنوں کے ہمراہ وہاں پہنچ گئے تھے۔

اس دوران ن لیگ اور پیپلز پارٹی کے کارکنوں میں ہاتھا پائی شروع ہونے والی تھی کہ پولیس نے دونوں جماعتوں کے کارکنوں کو روک لیاجس پر ن لیگ کے کارکنوں نے الزام عائد کیا کہ پی پی امیدوار غریب خواتین کو اپنی رہائش گاہ پر بلا کر فی کس2 ہزار روپے بانٹ کر ووٹ خرید رہے ہیں۔

دوسری جانب پی پی امیدوار میر واثق سرجیس حیدر نے پولیس کو بتایا کہ گھرپرکارنر میٹنگ چل رہی تھی کہ لیگی رہنما اور کارکنوں نے حملہ کردیا۔

میر واثق سرجیس حیدر کے مطابق لوگوں کی بڑی تعداد دیکھ کر ن لیگ بوکھلاہٹ کا شکار ہوگئی، بعد ازاں  پی پی امیدوار کی درخواست پر تھانہ سٹی میں لیگی رہنما عطا تارڑ سمیت 50 سے زائد کارکنوں کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتاری کے لیے مختلف لیگی کارکنوں کے گھروں پر چھاپے مارے گئے تاہم کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آسکی ہے۔