پاکستان کے لیے نامزد امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم کا کہنا ہے کہ پاکستان سے تجارتی اور معاشی تعلقات بڑھانا امریکا کے مفاد میں ہے۔
امریکا کی سینیٹ کمیٹی برائے خارجہ تعلقات میں بیان دیتے ہوئے ڈونلڈ بلوم کا کہنا تھا کہ بطور سفیر پاکستان پر زور دوں گا کہ دہشت گرد گروہوں کےخلاف بلا تفریق کارروائی کرے، پاکستان اور امریکا القاعدہ، داعش اور کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے خلاف مل کر کام کریں گے۔
ڈونلڈ بلوم نے کہا کہ پاکستان پر زور دیا جائے گا کہ لشکر طیبہ اور جیش محمد کے خلاف بھی کارروائی کرے، خطہ کسی اور تنازع کا متحمل نہیں ہو سکتا، ساتھ ہی پاکستان اور بھارت کے مابین تناؤ کو کم کرنے پر بھی کام کیا جائے گا، باہمی اور دوطرفہ تعلقات کے لیے بھارت اور پاکستان دونوں کو ہی کام کرنا ہوگا۔
امریکی سفیر کا کہنا تھا کہ اقلیتوں کے ساتھ سلوک نے پاکستان کا امیج خراب کیا، اقلیتوں کے حقوق اور مذہبی آزادی کے لیے بھی آواز اٹھائی جائے گی، پاکستان کوکہا جائےگا کہ صحافیوں اور انسانی حقوق کے نمائندوں کو ہراساں نہ کیا جائے۔