سندھ کے وزیرِ اطلاعات سعید غنی نے سوال اٹھایا ہے کہ کابینہ میں ایم کیو ایم اور جی ڈی اے نے منی بجٹ کی مخالفت کیوں نہیں کی۔
سعید غنی نے سندھ اسمبلی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت نے منی بجٹ کی صورت میں عوام پر نیا بوجھ ڈال دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم اور جی ڈی اے روز تماشہ کرتی ہیں مگر کابینہ میں منی بجٹ پر کچھ نہیں بولے۔
سندھ کے وزیرِ اطلاعات نے بتایا کہ صوبائی کابینہ کے اجلاس میں صوبائی سطح پر پولیس کارڈ بنانے کی تجویز دی گئی ہے۔
ان کا مزید کہنا ہے کہ سرکاری جامعات میں وائس چانسلر کی تلاش کرنے والی کمیٹی کو قانونی حیثیت دی گئی ہے جس کے کنوینر ایچ ای سی کے سربراہ ہوں گے۔
وزیرِ اطلاعات سندھ سعید غنی نے یہ بھی کہا کہ امید ہے کہ قومی اسمبلی میں کچھ حکومتی اراکین بھی منی بجٹ کی مخالفت کریں گے۔