پاکستان مسلم لیگ ن کے رکن پنجاب اسمبلی بلال یاسین پر فائرنگ کی گئی ہے، جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوگئے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ رکن صوبائی اسمبلی بلال یاسین پر لاہور کے علاقے موہنی روڈ میں فائرنگ کی گئی ہے، موٹر سائیکل سوار دو نامعلوم افراد نے بلال یاسین پر فائرنگ کی۔
بلال یاسین کو میو اسپتال لاہور منتقل کردیا گیا ہے۔
میڈیکل سپرنٹنڈنٹ (ایم ایس) میو اسپتال ڈاکٹر افتخار کا کہنا ہے کہ بلال یاسین کو تین گولیاں لگیں ہیں، دو پیٹ میں اور ایک گولی ٹانگ پر لگی۔
وزیراعلیٰ کا ملزمان کی جلد گرفتاری کا حکم
مسلم لیگ ن کے رکن پنجاب اسمبلی پر فائرنگ کے واقعے کی وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے سی سی پی او لاہور سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے فائرنگ کرنے والے ملزمان کی جلد گرفتاری کا حکم دیا ہے۔
عثمان بزدار نے کہا کہ بلال یاسین کو علاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں۔