ملتان: وفاقی وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے اپوزیشن پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ آپ 23 مارچ کو لانگ مارچ نہیں کریں گے، آپ کا کوئیک مارچ ہونے والا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی آخری منزل اڈیالہ جیل ہے۔
ذرائع ابلاغ سے بات چیت کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے وفاقی وزیر مملکت نے کہا کہ حکومت نے پنجاب کے شہریوں کو ہیلتھ کارڈ کی سہولت دی جس کے ذریعے وہ دس لاکھ روپے تک کا مفت علاج کسی بھی اسپتال سے کرا سکتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ایک کروڑ خاندانوں کی کفالت کررہے ہیں اور ہر خاندان کو 12 ہزار روپے دیے جا رہے ہیں۔
فرخ حبیب نے کہا کہ وزیراعظم نے کورونا کے دوران غریب کا سوچ کر مکمل لاک ڈاون نہیں لگایا۔ انہوں نے کہا کہ ایکسپورٹ میں 25 فیصد اضافہ ہوا ہے، صنعتیں اور بازار کی رونقیں بحال ہیں، فصلوں کی ریکارڈ پیداوار ہو رہی ہے، 50 ہزار اسکالرشپس دی ہیں اور کسانوں کی جیب میں اضافی 400 ارب روپے گئے ہیں۔
وفاقی وزیر مملکت نے کہا کہ بینکوں سے گھروں کے لیے ابھی تک 100 ارب روپے کے قرض منظور ہو چکے ہیں، وزیراعظم نے عوام کو اپنے گھر کا مالک بنانے کے لیے حالات سازگار کر دیے ہیں، حکومت ڈیم بنا رہی ہے اور تمام صوبوں میں ترقی کے یکساں مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں۔
پی ٹی آئی کے وفاقی وزیر مملکت فرخ حبیب نے کہا کہ ایک خاص طبقے نے 30/40 سال ملک پر حکومت کی جسے عوام نے 2018 کے انتخابات میں مسترد کر دیا۔ انہوں ںے کہا کہ لانگ مارچ، استعفوں اور عدم اعتماد کی دھمکیاں دینے والوں کو مایوسی ہوئی۔
فرخ حبیب نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کے تو اپنے بیٹے نے استعفیٰ نہیں دیا۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف اور آصف زرداری ایک ہی سکے کے دو رخ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف، شہباز شریف، آصف زرداری اور فضل الرحمان مافیا ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ آر یا پار والے بری طرح ناکام ہوئے ہیں۔
ہم نیوز کے مطابق انہوں نے کہا کہ تین سال میں عمران خان پر کرپشن کا کوئی کیس سامنے نہیں آ سکا ہے جب کہ مودی کو دباؤ کا سامنا ہے کیونکہ وزیراعظم نے اقوام متحدہ میں ہندتوا سے پردہ اٹھایا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ہماری ترجیحات عوام کے لیے آسانیاں پیدا کرنا ہے۔
فرخ حبیب نے کہا کہ کورونا کی وجہ سے مشکلات اور مہنگائی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ میں مہنگائی کا 40 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم نے احساس راشن کارڈ بھی متعارف کرایا ہے، وزیراعظم ملک کا نظام ٹھیک کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
ذرائع ابلاغ سے بات چیت میں فرخ حبیب نے کہا کہ مہمند ڈیم 2025 میں مکمل ہو جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ چینی پر ایف بی آر میں ٹریک اینڈ ٹریس کا سسٹم عمران خان لے کر آئے ہیں۔