پاک سرزمین پارٹی (پی ایس پی) کے چیئرمین مصطفیٰ کمال نے پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری پر طنز کے تیر چلادیے۔
پی ای سی ایچ ایس بلاک 2 میں جنرل ورکرز اجلاس سے خطاب میں مصطفیٰ کمال نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری صاحب آپ کے بڑوں کو ملک توڑنے کی عادت پڑ گئی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بلاول بھٹو زرداری کے بڑوں نے حکمرانی قائم رکھنے کے چکر میں ملک دولخت کردیا۔
پی ایس پی سربراہ نے یہ بھی کہا کہ تم پاکستان نہ کھپے کے نعرے لگانے والے لوگ ہو، ادھر تم ادھر ہم کا نعرہ آپ کے بزرگوں نے لگایا تھا۔
اُن کا کہنا تھا کہ آج یہاں نوجوان خودکشیاں کر رہے ہیں، ہم نے اپنے عہدے اس لیے نہیں چھوڑے کہ پیپلز پارٹی والے ان پر قبضہ کرلیں۔
مصطفیٰ کمال نے کہا کہ آج کراچی میں مہاجروں سے کوئی نہیں لڑ رہا، ہم نے اس شہر سے را کا تسلط ختم کیا، جب مخالفت کی سزا موت ہوتی تھی، اس وقت ہم نے حق کی بات کی۔
دورانِ خطاب پی ایس پی سربراہ نے نئے بلدیاتی قانون کے خلاف 30 جنوری کو تبت سینٹر سے وزیراعلیٰ ہاؤس کی طرف مارچ کرنے کا اعلان کردیا۔
اُن کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی نے 13 سالوں میں کراچی کو تھر بنا دیا ہے، ایک بوند پانی کراچی کو نہیں دیا گیا، اسپتال اسکول کچھ نہیں کھولا گیا۔
مصطفیٰ کمال نے کہا کہ کراچی کہنے کو منی پاکستان کہا جاتا ہے لیکن یہاں کا کوئی والی وارث نہیں بنتا، ہمیں فیصلہ کرنا ہے کہ ہماری نسلیں بھی ان کی غلام ہوں گی یا نہیں۔