|

وقتِ اشاعت :   June 26 – 2015

کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے ضلع خضدار کی سب تحصیل سارونہ کے علاقے شاہ نورانی میں گذشتہ دنوں آنے والے سیلابی پانی کے ریلے میں بہہ کر جاں بحق ہونے والے 16افراد اور گذشتہ روز سیلابی ریلے میں جاں بحق ہونے والے 4ا فراد کے لواحقین کو حکومتی پالیسی کے مطابق معاوضہ دینے کا اعلان کیا ہے۔ واضح رہے کہ گذشتہ دنوں مذکورہ علاقے میں سیلابی ریلے سے مردوخواتین اور بچوں سمیت 16افراد جاں بحق ہوگئے تھے جبکہ گذشتہ روز آنے والے سیلابی ریلے میں بہہ کر 4 افراد جاں بحق ہوئے تھے۔ وزیراعلیٰ کی ہدایت پر گذشتہ دنوں آنے والے سیلابی ریلے سے متاثرہ افراد کی فوری امداد کے لئے ہنگامی بنیادوں پر امدادی سرگرمیوں کا آغاز کیا گیا، ڈپٹی کمشنر کی سربراہی میں امدادی ٹیمیں فوری طور پر متاثرہ علاقہ میں پہنچیں اور پی ڈی ایم اے کی جانب سے متاثرین کے لئے بڑی مقدار میں اشیاء خوردونوش ، خیمے اور دیگر ضروری اشیاء پہنچائی گئیں جس سے متاثرین کو ریلیف ملا۔ وزیراعلیٰ نے گذشتہ روز کے سیلابی ریلہ سے متاثر ہونے والے افراد کی فوری امداد اور انہیں اشیاء خوردونوش کی فراہمی کی ہدایت کی ہے۔