|

وقتِ اشاعت :   January 6 – 2022

2019 سے شروع ہوا کورونا کا دنیا بھر پر سب سے بڑا وار ہوا، دنیا بھر میں ایک دن میں 25 لاکھ سے زائد کیسز ریکارڈ کیے گئے۔

پانچ روز میں دنیا بھر میں ایک کروڑ کے قریب کیسز ریکارڈ سامنے آئے، امریکہ میں پانچ لاکھ 42 ہزار سے زائد نئے کیسز رپورٹ جبکہ فرانس میں 3 لاکھ 32 ہزار نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔

برطانیہ میں ایک لاکھ 94 ہزار،اسپین میں ایک لاکھ 37 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ، اسی طرح اٹلی میں کورونا کیسز کی تعداد 1 لاکھ سے تجاوز کر گئی، رپورٹ کے مطابق اٹلی میں ایک لاکھ 90 کے قریب نئے کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ ارجنٹائن میں 95 ہزار، بھارت میں 87 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے۔

دوسری جانب عالمی وبا قرار دیے جانے والے کورونا وائرس کی نئی اقسام ڈیلٹا اور اومیکرون سے ابھی دنیا پوری طرح نمٹ نہیں پا رہی ہے کہ فرانس میں ایک اورنئی قسم دریافت ہو گئی ہے۔

عالمی خبر رساں اداروں اور مؤقر امریکی اخبار نیویارک ٹائمز کے مطابق فرانس میں دریافت ہونے والے کورونا کی نئی قسم کا نام ڈاکٹروں اور سائنسدانوں نے آئی ایچ یو رکھا ہے۔

فرانسیسی سائنسدانوں کے مطابق 46 جینیاتی تبدیلیوں والا کرونا وائرس کے نئے ویرینٹ آئی ایچ یو (B16402) سے اب تک کل 12 افراد متاثر ہو چکے ہیں۔

عالمی ادارہ صحت کے مطابق فرانس میں دریافت ہونے والے کورونا کی نئی قسم کا نہایت باریک بینی سے جائزہ لیا جا رہا ہے تاکہ معلوم کیا جا سکے کہ یہ کس قدر خطرناک ہے؟