|

وقتِ اشاعت :   January 9 – 2022

کوئٹہ:  سی ٹی ڈی کی کوئٹہ کے مشرقی بائی پاس پر کارروائی فائرنگ کے تبادلے میں کالعدم تنظیم داعش کے چھ دہشتگرد ہلاک، پانچ فرار ہوگئے۔ ہلاک ہونے والے دہشتگردوں سے بھاری مقدار میں اسلحہ وگولہ بارود برآمد دہشتگرد کوئٹہ میں سیکورٹی فورسز، اور اہم تنصیبات پر حملوں کی منصوبہ بندی کررہے تھے۔

سیکورٹی ذرائع کے مطابق سی ٹی ڈی حکام کو خفیہ اطلاع ملی تھی کہ کالعدم تنظیم کے دہشتگردوں نے کوئٹہ میں سیکورٹی فورسز اور اہم تنصیبات پر حملوں کی منصوبہ بندی کی ہے،اس مقصد کیلئے کالعدم تنظیم داعش کے مقامی کمانڈر اصغرسمالانی مشرقی بائی پاس پر ایک کمپاؤنڈ میں اپنے ساتھیوں کے ہمراہ موجود ہے جس پر سی ٹی ڈی ٹیم نے ہفتہ کی شب مشرقی بائی پاس کیو ڈی اے گراؤنڈ کے قریب ایک مکان کو گھیر ے میں لیا اسی دوران مکان میں موجود دہشتگردوں نے سی ٹی ڈی کی ٹیم کو دیکھتے ہی فائرنگ شروع کردی جوابی فائرنگ میں داعش کے مقامی اہم کمانڈر سمیت چھ دہشتگرد ہلاک ہوگئے۔ سیکورٹی ذرائع کے مطابق دہشتگردوں کے قبضہ سے ایک موٹر سائیکل برآمد کی ہے جس میں بم نصب کیا گیا تھا۔

تین ایس ایم جی رائفل، دو سو گولیاں، دو نائن ایم ایم پستول، ایک دستی بم اور دو موٹر سائیکلیں برآمد کی گئی ہے۔ سیکورٹی ذرائع کے مطابق رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے چار سے پانچ دہشتگرد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے جن کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جارہے ہیں۔ سیکورٹی ذرائع کے مطابق ہلاک ہونے والے دہشتگردوں کی نعشیں شناخت کیلئے ہسپتال منتقل کردی گئیں ہیں،واضح رہے کہ حکومت بلوچستان نے ہلاک ہونے والے داعش کے اہم کمانڈ ر اصفر سمالانی کے سر کی قیمت 20لاکھ روپے مقرر کی تھی۔