مشرقِ وسطیٰ کے ملک قبرص میں کورونا وائرس کی نئی قسم سامنے آنے کا انکشاف ہوا ہے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق کورونا وائرس کی بھارتی قسم ڈیلٹا اور جنوبی افریقی قسم اومی کرون کے بعد اب ایک اور نئے ویرینٹ کے سامنے آنے کا انکشاف ہوا ہے اور اس بار قبرص کے سائنسی ماہرین نے نئی قسم کی موجودگی کا دعویٰ کیا ہے۔
قبرص بائیولوجیکل سائنس کے پروفیسر کوسٹرکس نے کورونا وائرس کے نئے ویرینٹ سارس کووڈ 2 کی نئی قسم کا دعویٰ کیا ہے جو ڈیلٹا اور اومی کرون کی ایک مشترکہ قسم ہے۔
یونیورسٹی آف قبرص سے تعلق رکھنے والے لیبارٹری آف بائیو ٹیکنالوجی کے سربراہ پروفیسر کوسٹرکس نے اپنی تحقیق کی بنیاد پر دعویٰ کیا ہےکہ قبرص میں اومی کرون اور ڈیلٹا کی ایک مشترکہ قسم سامنے آئی ہے جسے ڈیلٹاکرون کا نام دیا گیا ہے، اس قسم میں ڈیلٹا جینوم کے ساتھ اومی کرون جینیٹک کی علامات پائی گئی ہیں جس بنا پر اسے یہ نام دیا گیا ہے۔
پروفیسر کوسٹرکس کا کہنا ہےکہ قبرص میں اب تک کورونا کے اس نئے ویرینٹ ڈیلٹاکرون کے 25 کیسز کی تصدیق ہوچکی ہے۔
ماہر پروفیسر کے دعوے کے بعد ماہرین نے ریسرچ کو وائرس کی جانچ کرنے والے انٹرنیشل ڈیٹا بیس کو بھیج دیا ہےتاہم اب تک کسی بین الاقوامی ہیلتھ انسٹی ٹیوٹ کی جانب سے اس نئے ویرینٹ کی موجودگی کی تصدیق نہیں کی گئی ہے۔
دوسری جانب ماہرین کا کہنا ہےکہ نیا ویرینٹ کتنا نقصان دہ ہے ابھی کہنا قبل از وقت ہے۔
واضح رہےکہ امریکی ویکسین ساز کمپنی موڈرنا کے چیف میڈیکل آفیسر ڈاکٹر پال برٹن اومی کرون کے بعد نئی کورونا قسم سے متعلق پہلے ہی خبردار کر چکے ہیں۔