کوئٹہ: وزیر اعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا ہے کہ گوادر کی ترقی کو ہر صورت مقامی آبادی کے لیے سود مند بنائیں گے، انہوں نے ہدایت کی ہے کہ گوادر کی پرانی آبادی کے لوگوں کو پانی، سیوریج اور دیگر شہری سہولتوں کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے، وہ منگل کے روز گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے گورننگ باڈی اجلاس سے خطاب کر رہے تھے، اجلاس میں وزیر منصوبہ بندی و ترقیات ڈاکٹر حامد خان اچکزئی، چیف سیکریٹری بلوچستان سیف اللہ چٹھہ، سابق چیف سیکریٹری بلوچستان احمد بخش لہڑی ، ایڈیشنل چیف سیکریٹری نصیب اللہ بازئی، چیئرمین گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی دوستین جمالدینی ، ڈائریکٹر جنرل جی ڈی اے ڈاکٹر سجاد اور دیگر متعلقہ حکام بھی موجود تھے، اجلاس کو بتایا گیا کہ سربندر، جیٹی اور پشکان جیٹی کی تعمیر جاری ہے اور سربندر میں 70فیصد اور پیشکان میں 29 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے، اس موقع پر وزیر اعلیٰ بلوچستان نے ہدایت کی کہ دونوں جیٹی کی تعمیر جلد از جلد مکمل کی جائے، اجلاس کو پاک چین اقتصادی راہداری کے منصوبوں کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا گیا کہ اس منصوبے میں 300میگا واٹ کول پاور ، نئے ائیرپورٹ کی تعمیر، ایل این جی ٹرمینل، واٹر سپلائی، سی ڈی اے ہسپتال، فری زون اور ایسٹ بے ایکسپریس کی تعمیر شامل ہے، اجلاس کو بتایا گیا کہ پاک چائنا ووکیشنل سینٹر کی تعمیر کے لیے گرانٹ موصول ہو گئی ہے اور اس سال کام شروع ہو جائے گا، اجلاس کو بتایا گیا کہ ایک سینٹر پہلے ہی کام کر رہا ہے، وزیر اعلیٰ بلوچستان نے ہدایت کی کہ شادی کور ڈیم کو جلد از جلد مکمل کیا جائے اور اسے مکمل سیکورٹی مہیا کی جائے، انہوں نے کہا کہ پسنی کو پانی کی فراہمی بھی یقینی بنائی جائے، انہوں نے ڈپٹی کمشنر گوادر اور گوادر ضلعی کونسل کے چیئرمین کو ہدایت کی کہ وہ سوڑ ڈیم کے متاثرین کو معاوضہ کی ادائیگی کا مسئلہ بلا تاخیر حل کریں، وزیر اعلیٰ نے کہا کہ گوادر پورٹ کے فعال ہونے سے قبل ٹیکنیکل ٹریننگ سینٹر کو فعال کیا جائے، تاکہ مقامی آبادی کو ترقی کے عمل سے مستفید کیا جا سکے، انہوں نے کہا کہ انسانی وسائل کو ترقی دینا سب سے اہم مسئلہ ہے، اجلاس نے ٹی ٹی سی کو فعال بنانے کے لیے اسٹیرنگ کمیٹی تشکیل دینے اور اسے اپ گریڈ کرنے کا بھی فیصلہ کیا، وزیر اعلیٰ نے ہدایت کی کہ گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی کو منافع بخش ادارہ بنایا جائے، انہوں نے گوادر شہر میں فاضل چوک روڈ کی توسیع اور سپورٹس کمپلیکس تعمیر کرنے کی بھی ہدایت کی، اجلاس میں جی ڈی اے کے لیے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل کی آسامی کو بی ۔21میں اپ گریڈ کرنے کی منظوری بھی دی گئی، ادارے کے قانونی امور کو نمٹانے کی غرض سے بی پی ایس۔19میں ڈائریکٹر لیگل کی آسامی کی بھی منظوری دی گئی، اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ انکرا ہاؤسنگ اسکیم میں 1000ایکڑ مختص اراضی میں گوادر کے شہریوں کو ایک ایک پلاٹ ارزاں قیمت پر دئیے جائیں گے، وزیر اعلیٰ بلوچستان نے 50بستروں کے جی ڈی اے ہسپتال کو فعال بنانے اور اسے میر غوث بخش بزنجو کے نام سے منسوب کرنے کی ہدایت بھی کی، اجلاس نے جی ڈی اے کے گریڈ ایک سے 16تک کے ملازمین کی اپ گریڈیشن کی منظوری بھی دی۔