|

وقتِ اشاعت :   July 3 – 2015

کوئٹہ :  ایران کے کوئٹہ میں کونصل جنرل سید حسن یحی نے کہا ہے کہ ایران نے پاکستان میں بجلی کے بحران کے خاتمے کیلئے ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کی یقینی دہانی کرائی ہے اگر پاکستانی حکام درخواست کریں گے تو مطلوبہ درکار بجلی کی فراہمی یقینی بنائیں گے ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ ایران پاکستان بلوچستان کو تین ہزار میگا واٹ بجلی فراہم کرنے کے معاہدے پر دستخط کرچکا ہے اور اس پر عملدر آمد یقینی بنانے کیلئے دونوں جانب سے تیزی سے کام جاری ہے ، ایرانی اور پاکستانی متعلقہ حکام جلد اس منصوبے کو پایہ تکمیل تک پہنچاتے ہوئے بلوچستان میں بجلی کے بحران پر قابو پالیں گے ، اسی طرح اگر پورے پاکستان کیلئے بھی بجلی کی فراہمی کا مطالبہ یا معاہدہ کیا گیا تو ایران مدد کرنے میں دلچسپی رکھتا ہے ، ایرانی کونصل جنرل نے مزید کہا ہے کہ گوادر کو اس سے قبل 70میگا واٹ بجلی فراہم کی جارہی تھی تاہم اب بڑھا کر 200میگا واٹ کردی گئی ہے یہ منصوبہ حتمی مراحل میں ہے اور جلد مکمل کرلیا جائے گا جس کے بعد پورٹ سٹی آف گوادر میں بجلی کا بحران ختم ہوجائے گا ، انہوں نے کہا کہ ایران اور پاکستان کا کلچر اور ثقافت قدر مشترک ہے اور دنوں ممالک برادرانہ تعلقات رکھتے ہیں اور ان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کیلئے متعدد ایم او یوز پر دستخط بھی کیے گئے ہیں اور دونوں جانب سے ان معادوں پر عملدرآمد کرنے کیلئے سنجیدگی سے دلچسپی لی جار ہی ہے ، انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ایران دہشتگردی کے خلاف جنگ میں بھی ایک صفحہ پر ہیں اور دنوں ممالک ملک کر دہشتگردی کا خاتمہ ممکن بنا رہے ہیں ، انہوں نے گزشتہ رو ز وزیراعلی بلوچستان سے ملاقات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ انکی وزیراعلی بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ سے ملاقات بہت ہی اچھا رہا اور ڈاکٹر مالک نے ایرانی دعوت نامہ قبول کرتے ہوئے یقینی دہانی کرائی ہے کہ وہ وفد کے ہمراہ جلد ایران کا دورہ کریں گے اور تعلقات کو مزید موثر بنانے کیلئے ہونے والے معاہدوں پر عملدرآمدکا جائزہ لیں گے ، ایران اور پاکستان کے درمیان تجارت بڑھانے پر بھی معاہدہ ہوا ہے جس پر عملدر آمد کیا جارہا ہے ، انہوں نے کہا کہ ایران نے اپنی جانب سے گیس پائپ لائن کا کام مکمل کرلیا ہے جبکہ پاکستان کی جانب سے کام مکمل کرنے کا انتظار ہے انہوں نے امید ظاہر کی ہے کہ پاکستان بھی پاک ایران گیس پائپ لائن پر جلد کام مکمل کرے گا ۔ انکا کہنا ہے کہ پاکستانی وفود کا ایران میں دورہ خوش آئند ہے اور تعلقات کو مضبوط بنانے کیلئے دونوں ممالک کوشاں ہیں ۔