کوئٹہ: بلوچستان کے علاقے تربت، گوادر ، بارکھان اور سبی میں ایف سی اور خفیہ اداروں نے مشترکہ کارروائیوں میں کالعدم تنظیموں کے پانچ ارکان مارے گئے جبکہ انیس افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔ ہلاک و گرفتار افراد سے بڑی تعداد میں اسلحہ بھی برآمد کیا گیا ہے ۔ ایف سی ترجمان کے مطابق ضلع کیچ اور گوادر کی تحصیل پسنی کے درمیان گوادر سے ایک سو پچاس کلو میٹر دور مشرق میں واقع شادی کور کے قریب خفیہ ادارے اور دیگر سیکورٹی اداروں نے مشترکہ کارروائی کی۔ ذرائع کے مطابق کارروائی میں فورسز کو مقامی مسلح گروہ کی حمایت بھی حاصل تھی۔ کالعدم بلوچ لبریشن فرنٹ کے کیمپ کی موجودگی کی اطلاع پر کی گئی کارروائی کے دوران سیکورٹی فورسز اور مسلح افرد کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے دوران کالعدم تنظیم کے چار ارکان مارے گئے۔ ایف سی ترجمان کے مطابق مارے گئے ملزمان میں کالعدم بی ایل ایف کے دو اہم کمانڈر ملابادل اور کماندر عزت بھی شامل ہیں جبکہ ان کے چار ساتھی زخمی حالت میں فرار ہوگئے۔ ایف سی نے تین ملزمان کو گرفتار بھی کرلیا۔ گرفتار ملزمان سے تین کلاشنکوف بمعہ چھ میگزین اور دیگر اسلحہ برآمد کیا گیا۔ کارروائی کے بعد تربت واپس جاتے ہوئے سیکورٹی فورسز کے قافلے پر نامعلوم افراد نے حملہ کردیا جس کے نتیجے میں سیکورٹی فورسز کا ایک اہلکار جاں بحق ہوگیا۔ ایف سی ترجمان کے مطابق کارروائی میں ہلاک و گرفتار دہشتگرد پولیس،لیویزاور ایف سی پر حملوں اور ہائی وے پراغواء براے تاوان کی وارداتوں میں ملوث تھے۔کیچ ہی میں ایک اور کارروائی میں ایف سی نے سرچ آپریشن کے دوران نو مشتبہ افراد کو گرفتار کیا۔ کیچ کے ضلعی ہیڈ کوارٹرتربت سے تقریباً ستر کلو میٹر دور تمپ میں ایف سی نے نو مشتبہ افراد کو گرفتار کیا۔ ابتدائی تفتیش کے بعد سات افراد کو رہا کردیا گیا جبکہ دو افراد عدنان ولد پیر محمد اور زبیر ولد محمد ایوب کو مزید تفتیش کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا۔ علاوہ ازیں جمعہ اور ہفتہ کی درمیانی شب گوادر میں ایف سی اور حساس ادارے نے خفیہ اطلاع کی بنیاد پر کارروائی کی جس کے دوران کالعدم بلوچ لبریشن فرنٹ سے تعلق کے الزام میں دو افراد کو گرفتار کیا گیا ۔ گرفتار افراد میں محمد عظیم ولد دوست محمد اور جاوید ولد حاجی بیگ شامل ہیں۔ ایف سی ترجمان کے مطابق گرفتار افراد گوادر اور گردو ونواح میں حالیہ دنوں میں ہونے والی ٹارگٹ کلنگ اور گزشتہ شب ہونے والے بم دھماکے میں ملوث تھے۔ دونوں افراد کو تفتیش کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا۔ دریں اثناء ایک اورکارروائی میں ایف سی نے حساس ادارے کے ہمراہ ضلع بارکھان کے علاقے اناری میں کالعدم علیحدگی پسند تنظیم بلوچ لبریشن آرمی کے خلاف سرچ آپریشن کیا۔ترجمان یف سی کے مطابق آپریشن میں ایف سی کے 100جوان اور دو ہیلی کاپٹروں نے حصہ لیا۔کارروائی میں فائرنگ کے تبادلے میں کالعدم تنظیم کے رکن بجار خان ہلاک جبکہ متعدد زخمی بھی ہوئے۔ ایف سی ترجمان کے مطابق کالعدم تنظیم کے دو دوکیمپوں کو بھی تباہ کردیاگیا۔ایف سی ذرائع کے مطابق ہلاک ہونے والا بجار خان علیحدگی پسند تنظیم کے کمانڈر اور بغاؤ کے رہائشی ہزار خان کا بھائی بتایا جاتا ہے ۔ کارروائی کے دوران دو عدد کلاشنکوف بمعہ دو میگزین اور 205کارتوس، ایک عدد تھری ناٹ تھری بندوق، ایک عدد تیس بول پستول، ڈنگر بندوق کے 430کارتوس ، دو عدد دوربین اور ایک عدد واکی ٹاکی برآمد کی گئی۔ علاوہ ازیں ضلع سبی میں گزشتہ شب ایف سی سبی اسکاؤٹس 89نے خفیہ اطلاع ملنے پر بکرا غلام بولک کے مقام پر چھاپہ مارا اور کالعدم تنظیم سے تعلق کے شبہ میں پانچ مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا۔ گرفتار افراد میں واحد خان ولدسیدو خان لانگانی مری ،میر دل ولد میر حاجی لانگانی مری ،شاہد علی ولد گل شیر ،رفیق ولد نصر اللہ گولہ اورصمد خان ولد خالد شامل ہیں ۔ پانچوں افراد کو تفتیش کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا۔