بلوچستان خوبصورتی کے لحاظ سے اپنی منفرد پہچان رکھتا ہے کوئٹہ سمیت دیگر اضلاع میںباہر کے شہروں کے لوگ سیاحت کیلئے بھی آتے ہیں مگر گزشتہ چند برسوں کے دوران اس رجحان میں بہت کمی آئی ہے جس کی بڑی وجہ اپنے صوبے کو خوبصورت بنانے کے ساتھ انفراسٹرکچر پر توجہ نہ دینا ہے۔ ہر وقت اس اہم مسئلے کی جانب توجہ دلائی گئی ہے کہ میٹروبس، گرین لائن بس اور بی آر ٹی جیسے بڑے منصوبے لاہور، کراچی اور پشاور میں بنائے گئے ہیں مگر کوئٹہ شہر میں گرین لائن بس سروس کا وعدہ آج تک وفا نہ ہوسکا المیہ تو یہ ہے کہ بنیادی مسائل تک حل نہیں کئے گئے جس میں سڑکیں، پل، انڈر پاسز، پانی فراہمی، سیوریج سمیت دیگر مسائل کا سامنا شہریوں کو ہے اور یہ تمام منصوبے کوئٹہ پیکج میں موجود ہیں اس پیکج پر اول روز سے ہی توجہ دی جاتی تو آج کوئٹہ شہر کا نقشہ ہی بدل جاتا ،آبادی کا بڑھتا تناسب روز بہ روز مسائل کی وجہ بھی ہے کیونکہ اسی تناسب کو مد نظر رکھ شہر کی تعمیر کی پلاننگ کی جاتی ہے۔
بہر حال موجودہ حکومت نے ایک بار پھر اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ کوئٹہ پیکج کو مکمل کیا جائے گا۔ حکومت بلوچستان کی جانب سے کہا گیا ہے کہ کوئٹہ پیکج کی تکمیل کے لیے ہنگامی بنیادوں پر وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو کی خصوصی دلچسپی کے باعث ڈیڑھ سال کے تعطل کے بعد کام کا آغاز کردیا گیا ہے۔ پیکج کے تحت سریاب روڈ توسیع اور ریڈیو پاکستان لنک روڈ سمیت دیگر ترقیاتی منصوبوں پر بھرپور طریقے سے کام دوبارہ شروع ہوچکا ہے۔ وزیراعلیٰ بلوچستان کی جانب سے جلد از جلد ان منصوبوں کو مکمل کرکے عوام کو آمد و رفت کی بہتر سہولتوں کی فراہمی کی ہدایت کی گئی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ کوئٹہ پیکج کے منصوبے بعض تکنیکی مسائل اور ڈیزائن کی خامیوں کے باعث طویل عرصہ سے تعطل کا شکار تھے۔
وزیراعلیٰ میر عبدالقدوس بزنجو نے اپنے عہدے کا منصب سنبھالتے ہی کوئٹہ پیکج کی تکمیل اور شہر میں صفائی کی جانب اپنی توجہ مبذول کی ہے۔ گزشتہ دو ماہ کے دوران وزیراعلیٰ بلوچستان نے چار مرتبہ سریاب روڈ، سبزل روڈ اور پیکج کے دیگر منصوبوں کا معائنہ بھی کیا ہے۔ وزیراعلیٰ بلوچستان کی زیر صدارت متعدد اجلاسوں میں منصوبوں کی تکمیل میں حائل مسائل کا جائزہ بھی لیا گیا ہے۔ اجلاسوں میں اہم فیصلوں کے نتیجے میں منصوبوں پر کام کا آغاز ممکن ہو سکا ہے۔ وزیراعلیٰ کی ہدایت کے مطابق سبزل روڈ کی تعمیر کا آغاز بھی کیا جارہا ہے۔ منصوبوں میں تعطل کی وجہ سے ان علاقوں کی بہت بڑی آبادی مسائل و مشکلات کا شکارہے۔
حالیہ بارشوں سے ان مسائل اور آلودگی میں مزید اضافہ ہوا۔ وزیراعلیٰ کے اس اقدام کو علاقے کے شہریوں کی جانب سے سراہا جارہا ہے۔ وزیراعلیٰ بلوچستان کوئٹہ پیکج کی تکمیل کے لیے پوری طرح پر عزم ہیں۔ وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو ذاتی طور پر اس پر پیش رفت کی نگرانی کر رہے ہیں۔ یہ انتہائی خوش آئند بات ہے کہ کوئٹہ پیکج کی نگرانی وزیراعلیٰ بلوچستان خود کررہے ہیں اور پیکج میں موجود خامیوں کو دور کرنے کیلئے احکامات اور ہدایات جاری کررہے ہیں جس سے یہ امید ہوچلی ہے کہ کوئٹہ شہر کا نقشہ کم از کم بدل تو جائے گا۔ ایک گزارش وزیراعلیٰ بلوچستان سے اور بھی ہے کہ بس اور ٹرین کی جدید سروس منصوبوں میں ذاتی دلچسپی لیں تاکہ عوام کو معیاری اور سستی سفری سہولیات میسر آسکیں اور پیکج کا بنیادی مقصد بھی پورا ہوسکے۔