|

وقتِ اشاعت :   January 23 – 2022

کوئٹہ: بلوچستان عوامی پارٹی کے قائم مقام صدر وصوبائی وزیر پلاننگ اینڈڈویلپمنٹ میر ظہوراحمدبلیدی نے کہاہے کہ ورکرز پارٹی کااثاثہ ہیں۔صوبے میں حکومت اور قومی سطح پر نمائندگی انہی کے مرہون منت ہے ان کے تحفظات اور گلے شکوئے وزیراعلی تک پہنچائیں گے ،بلوچستان عوامی پارٹی بی این پی کے ساتھ کسی بھی معاہدے سے لاعلم ہے ،ثناء بلوچ اس طرح کے کسی معاہدے کو منظرعام پر لائیں ۔ان خیالات کااظہار انہوں نے سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں کیا۔

انہوں نے کہاکہ بی اے پی کے ورکر پارٹی اثاثہ ہیں۔صوبے میں حکومت اور قومی سطح پر نمائندگی انہی کے مرہون منت ہے۔ پارٹی ورکرز کو نظر انداز کرنا لیڈرشپ افورڈ نہیں کر سکتی۔ان کے تحفظات اور گلے شکوئے وزیراعلی تک پہنچائیں گے پارٹی ورکرز کی عزت اور سرکاری دوروں میں ان کو مناسب مقام ملنا یقینی بنائیں گے۔

صوبائی وزیر پی اینڈ ڈی میر ظہوراحمدبلیدی نے ثناء بلوچ کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ ابھی تک یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ انہوں نے اپنا معاہدہ کس سے کیا ہے، اس میں 24 مطالبات کیا ہے اچھا ہو گا اگرثناء بلوچ ہر کسی کے دیکھنے کے لیے معاہدے کی ایک کاپی عوام کے سامنے شیئر کرسکیں بی اے پی کسی بھی خفیہ معاہدے سے لاعلم ہے جس کا دعوی کیا جا رہا ہے۔دریںاثناء انہوں نے بٹ بلیدہ کے نامور شخصیت حاجی عبدالرحمن اور دربلئی زامران کے ملک محمد زامرانی کی وفات پر دلی تعزیت کی اور اللہ تعالیٰ سے دعا کی کہ اللہ ان کی روح کو ابدی سکون میں رکھے اور غم کی گھڑی میں لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔