کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو کی خصوصی توجہ کے باعث ضلع آواران میں توانائی کی بڑھتی ہوئی ضرورت اور ضلع کے عوام کو بجلی کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے ہائی ٹرانسمیشن اور لو ٹرانسمیشن بجلی کے منصوبوں پر عملدرآمد کے لیے کیسکو نے 50 لاکھ روپے تخمینہ لاگت کا ورک آرڈر جاری کر دیا ہے۔
جس کے تحت کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی (کیسکو) سٹی فیڈر ہائی ٹرانسمیشن لائن آواران،کلی چیدگی مراد خان ،کلی ماشی، کلی کمبورو، کلی نیبت، کلی لباچ، کلی بیدی اور کلی گھر آوران کے علاقوں میں ہائی ٹرانسمیشن اور لو ٹرانسمیشن کھمبوں کی تبدیلی و مرمت کے منصوبے شروع کریگی جاری کردہ ورک آرڈر کے تحت ضلع آواران میں خراب ہوئے بجلی ٹرانسفارمرز کی مرمت اور مینٹینینس کر کے ضلع کے عوام کو بجلی کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنانا ہے ۔
جو کہ علاقے کے عوام کا عرصہ دراز سے درینہ مطالبہ بھی تھا جسے پورا کرنے کے لیے وزیراعلیٰ نے خصوصی دلچسپی لیتے ہوئے کیسکو حکام کو ضروری کاروائی کرنے کی ہدایت کی واضح رہے کہ کویٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی نے مکمل سروے کے بعد علاقے کے محل وقوع اور دیگر ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے ورک آرڈر ایوارڈ کیا ہے۔