الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین گنڈا پور کو انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر نوٹس جاری کر دیا۔
الیکشن کمیشن میں چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں اجلاس ہوا۔
الیکشن کمیشن نے ڈیرہ اسماعیل خان میں 13 فروری 2022 کو ہونے والے الیکشن میں وفاقی وزیر امین گنڈا پور کی متواتر ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کا سخت نوٹس لیا۔
الیکشن کمیشن کو بتایا گیا کہ وزیر کے بھائی عمر امین گنڈا پور تحصیل سٹی ڈیرہ اسماعیل خان کے امیدوار ہیں، وزیر نے پہلی دفعہ 5 دسمبر 2021کو ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی، انہیں 50ہزار روپے جرمانہ ہوا جس کی انہوں نے ادائیگی کی۔
الیکشن کمیشن کے علم میں یہ بات آئی ہے کہ علی امین گنڈا پور نے اب بھی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزیاں جاری رکھی ہوئی ہیں۔
اعلامیے کے مطابق الیکشن کمیشن نے حکم دیا کہ علی امین گنڈا پورا کا کیس یکم فروری 2022 کو سماعت کیلئے مقرر کیا جائے، وفاقی وزیر اور ان کے بھائی امیدوار عمر امین گنڈاپور کو ضروری نوٹس آج ہی جاری کیے جائیں تاکہ مزید ضروری کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔
الیکشن کمیشن نے ڈپٹی کمشنر، ڈی آر او، آر او اور ڈسٹرکٹ مانیٹرننگ آفیسرسے رپورٹ طلب کرلی ہے۔